CG 125 موٹر سائیکل کا نیا ماڈل متعارف

ہونڈا اٹلس نے اپنی مشہور ترین موٹر سائیکل سی جی 125 کا نیا ماڈل متعارف کرا دیا ہے جو جلد ہی صارفین کیلئے مارکیٹ میں پیش کر دیا جائے گا۔

ہونڈا اٹلس نے سی جی 125 ماڈل پہلی مرتبہ 1992ء میں متعارف کرایا تھا، جس کے بعد اس رینج میں یہ سب سے مقبول ماڈل ہے لیکن کمپنی کی جانب سے ہر سال اس میں نئے ماڈل کے نام پر اسی پرانے ڈیزائن میں لانچ کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے دیگر کئی موٹر سائیکل ماڈلز کی طرح یہ برانڈ بھی یکسانیت کا شکار ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ ہونڈا اٹلس کی جانب سے گزشتہ 30 سال سے ایک ہی ماڈل نئے گرافکس اور نئے اسٹیکرز کے ساتھ ہر سال نئے ماڈل کے طور پر سی جی 125 صارفین کو پیش کیا جارہا ہے۔

مارکیٹ ڈیلروں کا کہنا ہے کہ ہونڈا اٹلس نے نئے ماڈل میں صرف سٹیکرز کو تبدیل کیا ہے، اس کے علاوہ کچھ نیا پیش نہیں کیا گیا۔ پاکستانی صارفین کو بھی موٹر سائیکلوں کو نئے ڈیزائنوں اور کوالٹی کی رینج دینی چاہیے۔ اس کے مقابلے میں ہمارے پڑوسی ممالک نئے ڈیزائن کی بائیکس تیار کی جا رہی ہیں۔ جس سے صارفین کو ورائٹی ملتی ہے۔

سی بی 150 ایف، وائی بی آر 125 جی، جی آر 150 اور جی ڈی 110 قدرے بہتر ڈیزائن متعارف کئے گئے ہیں، اس کے سوا ایک ہی طرح کی موٹر سائیکلیں لائی جا رہی ہیں۔

ڈیلروں کا کہنا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ سی جی 125 کی کوالٹی میں کمی آئی ہے لیکن چونکہ مقابلے میں کوئی اور ماڈل نہیں ہے، اسی لئے گاہک اب بھی ہونڈا کی 125 خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

مذکورہ ماڈل کی قیمت پہلے ہی بہت زیادہ ہے، جس کی وجہ سے قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا اور سی جی 125 سٹینڈرڈ ایک لاکھ 79 ہزار 900 روپے جبکہ سی جی 125 ایس ای 2 لاکھ 10 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں