سندھ حکومت کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا مشترکہ سروے کرانے کا فیصلہ

کراچی : سندھ حکومت نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا مشترکہ سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف روینیو، چیئرمین پلاننگ بورڈ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری بلدیات، نمائندہ کور فائیو، این ڈی ایم اور پی ڈی ایم حکام شریک ہوئے۔

چیف سیکرٹری سندھ نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے تخمینہ لگانے کے لئے مشترکہ سروے کیا جائے گا۔ سروے میں ضلعی انتظامیہ، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور آرمی کے جوان شامل ہونگے۔

ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کا کہنا تھا کہ مشترکہ سروے کے لئے یونین کونسل لیول پر سروے کمیٹی بنائی گئی ہے۔ ہر ضلعے میں ہونے والے نقصانات کے لئے بھی ضلعی کمیٹی بھی بنائی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں جانی اور مالی نقصان کا مشترکہ سروے کیا جائے گا۔

چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں سکھر، گھوٹکی اور کشمور اضلاع میں سروے شروع کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر تمام وسائل بروئے کار لائیں اور مائیکرو پلاننگ کریں۔ سروے کے لئے ٹیکنالاجی کا استعمال کرتے ہوئے جیو ٹیگنگ کی جائے گی۔

ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ مشترکہ سروے 26 ستمبر سے شروع کیا جائے گا۔ متاثرہ لوگوں کی بحالی کے جامع منصوبے کے لئے مشترکہ سروے ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں