سعودی عرب کا قومی دن : وزیر اعظم کی ولی عہد محمد بن سلمان کو مبارکباد

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد دی۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج سعودی عرب کے ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کے 92ویں قومی دن کے موقع پر ولی عہد کو مبارکباد دی۔ انہوں نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے عوام کے لیے مبارکباد پیش کی اور سعودی عرب کے برادر عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم نے ولی عہد کو سیلاب کی صورتحال اور اس حوالے سے جاری امدادی اور بحالی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین اور شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کے لیے ایئر بریج کے قیام، اور پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے عام لوگوں سے عطیات وصول کرنے کے لیے “سہیم”(Seham) پورٹل کا آغاز پر شکریہ ادا کیا۔

سعودی ولی عہد نے پاکستان میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے قیمتی جانوں اور لوگوں کے ذریعہ معاش کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے سعودی عرب کی جانب سے حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

وزیر اعظم نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مستقل حمایت کو سراہا اور ولی عہد کو دونوں برادر ممالک کے درمیان جاری اقدامات کی پیشرفت سے آگاہ کیا جس میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافہ کے ساتھ ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری بھی شامل ہے۔

دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں