پاکستانی کرکٹ ٹیم 200 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والی پہلی ٹیم بن گئی

کراچی : پاکستانی کرکٹ ٹیم آج اپنا 200واں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے جارہی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ پاکستان ٹیم کا مجموعی طور پر 200واں میچ ہوگا۔


پاکستان کی جانب سے اب تک 199 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں ، جو پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز میں سب سے زیادہ میچز کا ریکارڈ ہے۔ کھیلے گئے 199 میچز میں سے 121 میچز پاکستان نے جیتے جبکہ 70 ہارے ہیں ۔اس کے علاوہ دو میچز ٹائی ہوئے جبکہ 5 میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی میچز میں جیت کا تناسب 63.14 رہا ہے۔


یاد رہے کہ پاکستان نے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 2006 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ برسٹل میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔انگلینڈ ان اس میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں پر 147 رنز بنائے تھے۔

پاکستان ٹیم نے 18 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز کا ہدف با آسانی پورا کرلیا تھا۔شاندار کارکردگی پر شاہد آفریدی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا اعزاز بھارت کے پاس ہے، جس نے اب تک 181 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں، جس میں اس نے 115 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ 58 میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں