سردیوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلاتعطل فراہمی کی ہدایت

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس کی متوقع طلب کے پیشِ نظر فوری لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایات جاری کردیں ہیں ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران حکومت نے کوویڈ کے دنوں میں عالمی منڈی میں سستی گیس کا فائدہ نہیں اٹھایا، بروقت گیس نہ خرید کر اس قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا۔گزشتہ حکومت کے بروقت فیصلے نہ کرنے کا خمیازہ آج پورا ملک اور غریب آدمی بھگت رہا ہے، میں گزشتہ حکومت کی طرح کسی بھی قسم کی بد انتظامی اور مجرمانہ غفلت قبول نہیں کرونگا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ معیشت میں بارودی سرنگیں بچھانے والوں نے ملک کے ہر شعبے پر خود کُش حملے کرکے غریب کی کمر توڑ دی۔ان کا کہنا تھا کہ گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقنی بنائی جائے،موجودہ حکومت اعدادو شمار اور خالی باتوں کی بجائے عملی و سنجیدہ اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے موسمِ سرما میں گیس کی صورتحال پر پیشگی لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے طلب کئے گئے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کو موسمِ سرما میں متوقع طلب اور رسد پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس کو حکومت کی موجودہ حکمتِ عملی اور آئندہ مہینوں میں گیس کی فراہمی کیلئے مرتب کئے پلان پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو پیش کردہ پلان کو مزید بہتر کرنے اور قلیل و وسط مدتی لائحہ عمل کو ترجیح دینے کی ہدایات جاری کیں۔

اجلاس میں سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ مملکت پیٹرولیم مصدق ملک، مشیر احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں