صنفی مساوات بے نظیر بھٹو کا خواب تھا، بلاول

اسلام آباد(پبلک نیوز) پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانا پیپلزپارٹی کا منشور ہے، اور یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب بھی تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بے نظیر کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے پارٹی قیادت اور ہر جیالا سرگرمِ عمل ہے، پوری دنیا میں سیاسی، معاشی اور معاشرتی سطح پر بڑی بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، یہ واضح ہے کہ یہ صدی خواتین کی پیش قدمی کی صدی ثابت ہو گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا اب جو قوم خواتین کو برابری نہیں دے گی وہ دیگر اقوام کے شانہ بشانہ کھڑا نہیں ہو سکے گی، پیپلز پارٹی حکومت میں ہو یا میدانِ جدوجہد میں، صنفی مساوات اور خواتین کو خودمختار بنانے کے لئے ٹھوس اقدام اٹھائے ہیں، پی پی پی حکومت نے غربت کے خاتمہ کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسا میگا رول ماڈل پروگرام دیا، یہ قابلِ فخر ہے کہ بی آئی ایس پی کی شفافیت اور مثبت نتائج کے معترف ورلڈ بینک جیسے کئی عالمی ادارے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومتِ نے سندھ میں خواتین کو کاروبار کے لیے بلاسود آسان قرضوں کا پروگرام شروع کیا، یوسی سطح پر متعارف کردہ اس پروگرام کے نتیجے میں سندھ کی 6 لاکھ سے زائد خواتین اور ان کے خاندان مستفید ہوئے، فرسٹ ویمن بینک، ویمن پولیس اسٹیشنز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام جیسے اقدام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت کے تحفے ہیں، بے زمین کاشتکار خواتین کو زمینوں کے مالکانہ حقوق دینے جیسے اقدام کے دور رس نتائج نکل رہے ہیں، کمیشن برائے خواتین کا قیام، اینٹی ویمن پریکٹس ایکٹ، اینٹی ایسڈ کرائمز کا قانون، پروٹیکشن آف ویمن ایٹ ورک پلیس ایکٹ جیسے قوانین پیپلز پارٹی کا طرہ امتیاز ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں قائم پی پی پی حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے قابلِ تحسین قانون سازی کی ہے، چائلڈ میریجز رسٹرینٹ ایکٹ-2013، خاندانی تشدد سے تحفظ و روک تھام کا قانون -2015، اور کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن 2015 چند مثالیں ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب یہ تھا کہ زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کو برابری حاصل ہو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس خواب کو پورا کرنے کے لیے ہمیں ابھی مزید سفر طے کرنا ہے،میرے لیے یہ قابلِ اطمینان ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کو تعبیر دینے کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں