سائفر آڈیو لیکس : تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کی انکوائری کمیٹی تشکیل

اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کی امریکی سائفرسےمتعلق آڈیولیکس کی تحقیقات کےلئےایف آئی اے کی انکوائری ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

ایف آئی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سائفر تحقیقاتی ٹیم میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) کے 5 ممبران شامل ہوں گے۔ایف آئی اے اسلام آباد زون کے سربراہ کوتحقیقاتی ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آئی ایس آئی،ایم آئی اور آئی بی کے 3 نمائندے بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ایف آئی اے کی انکوائری ٹیم کی رپورٹ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی ۔

خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے یکم اکتوبر کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی آڈیولیکس بارے تحقیقات کی منظوری دی تھی۔

کابینہ نے عمران خان کی سائیفر سے متعلق آڈیو لیک پر کابینہ کمیٹی تشکیل دی تھی ۔ کابینہ کمیٹی نے یکم اکتوبر کو منعقدہ اجلاس میں قانونی کارروائی کی سفارش کی ، کابینہ کمیٹی کی سفارشات کو سمری کی شکل میں کابینہ کی منظوری کے لئے پیش کیاگیا ، وفاقی کابینہ نے ‘سرکولیشن’ کے ذریعے کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی ۔

کابینہ کمیٹی نے سفارش کی کہ “یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے جس کے قومی مفادات پر سنگین مضر اثرات ہیں، قانونی کارروائی لازم ہے، ایف آئی اے سینئر حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے”۔

کابینہ کمیٹی نے سفارش کی کہ ایف آئی اے انٹیلی جنس اداروں سے بھی افسران اور اہلکاروں کو ٹیم میں شامل کر سکتی ہے، ایف آئی اے کی ٹیم جرم کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے۔

واضح رہے کہ ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق سابق وزیر اعظم عمران خان کی پہلی آڈیو 28 ستمبر جبکہ دوسری آڈیو 30 ستمبر کو منظر عام پر آئی تھی۔
آڈیو لیکس میں عمران خان، اعظم خان، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سائفر تبدیل کرنے کے بارے میں مشورہ کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں