میٹا کا فیس بک، انسٹاگرام میں کم عمر صارفین کے تحفظ کیلئے بڑا اعلان

میٹا نے فیس بک ، انسٹاگرام میں کمر عمر صارفین کے تحفظ کیلئے نئے ٹولز متعارف کروادیے ہیں ۔

کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے میٹا نے فیس بک اور انسٹاگرام میں بائی ڈیفالٹ پرائیویسی سیٹنگز میں تبدیلی لانے کا اعلان کیا ہے۔جس کا مقصد کم عمر صارفین کو ‘مشتبہ بالغ’ افراد سے بچانا ہے۔

اس تبدیلی کے بعد جب بھی کم عمر افراد فیس بک پر اپنا اکاؤنٹ بنائیں گے تو انہیں خودکار طور پر زیادہ پرائیویسی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔16 سال سے کم عمر (مخصوص ممالک میں 18 سال سے کم عمر) افراد جب نیا فیس بک اکاؤنٹ بنائیں گے تو نئی پرائیویسی سیٹنگز بائی ڈیفالٹ کام کرے گی۔

اس کے علاوہ وہ اکاؤنٹس جو اس اپ ڈیٹ سے پہلے سے موجود ہیں، انہیں بھی یہی سیٹنگز اپنانے کیلئے نوٹیفکیشنز کے ذریعے کہا جائے گا،تاہم یہ فیصلہ انہیں خود کرنا ہوگا۔

میٹا کا کہنا ہے کہ کمپنی کی جانب سے ایسے اکاؤنٹس کو رپورٹ یا بلاک کیا جائے گا جو کم عمر صارفین سے رابطہ کریں گے۔ ایسے مشتبہ اکاؤنٹس فرینڈز سجیسٹ میں بھی کم عمر صارفین کو نظر نہیں آئیں گے۔

کمپنی نے مزید کہا ہے کہ نئے ٹولز سے کم عمر صارفین کو بالغ افراد کی جانب سے بھیجے جانے والے نامناسب میسجز سے بچانا ممکن ہوگا۔ کم عمر صارفین کے لیے آن لائن ٹپس بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ ان تک نامناسب مواد کی رسائی ممکن نہ ہوسکے۔

یاد رہے کہ اس طرح کا فیچر انسٹاگرام میں 2021 میں بھی متعارف کرایا گیا تھا جس کا مقصد کم عمر صارفین کو مشتبہ افراد سے بچانا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں