‘پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں رتی بھر بھی تاخیر نہیں ہوگی’

لاہور: وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں رتی بھر بھی تاخیر نہیں ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی، سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور ایم این اے حسین الٰہی زمان پارک پہنچے۔ چودھری پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور حسین الٰہی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔

سابق وفاقی وزیر پرویزخٹک اور عمران خان کے سیاسی مشیر حافظ فرحت عباس بھی اس موقع پر موجود تھے۔

چودھری پرویز الٰہی ، مونس الٰہی اور حسین الٰہی نے عمران خان کی خیریت دریافت کی۔ملاقات میں سیاسی صورتحال اور پنجاب کے انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے رولز آف پروسیجر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور ٹیکنیکل پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے جاری پروگرام کے بارے میں عمرا ن خان کو آگاہ کیا۔ملاقات میں اپوزیشن کے ہر غیر آئینی ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب کیا ہے۔ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے مستقبل کے بارے میں حتمی مشاورت ہو گی۔ چوروں کے ٹولے نے معیشت تباہ کر دی ہے۔

چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں رتی بھر بھی تاخیر نہیں ہوگی۔ پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ امانت انہیں دے دی ہے۔ عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے۔ ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں، اس کا پورا ساتھ دیتے ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔ غلط فہمیاں پیدا کرنے والے پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے۔ عمران خان پاکستان کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک لانے کا شوق پورا کرلیں، پہلے کی طرح پھر ناکامی ہوگی۔ پنجاب میں اپوزیشن کو پہلے بھی مار پڑی اور آئندہ بھی مار پڑے گی۔ یہ تحریک عدم اعتماد کا شوشہ تو چھوڑ سکتے ہیں لیکن ان کے پاس ممبر ہی پورے نہیں۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہو رہا ہو تو گورنر راج بھی نہیں لگ سکتا۔ اپوزیشن کو مخلصانہ مشورہ ہے کہ وہ بات کرنے سے قبل اسمبلی کے رولز آف بزنس کا مطالعہ کر لیا کریں۔

مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ نے کہا کہ عمران خان جو کہیں گے بلا تردد عمل کریں گے۔ پنجاب اسمبلی کیا، عمران خان کے لئے جان بھی حاضر ہے ۔ پی ڈی ایم کے ساتھ وہی ہو رہا ہے جو اس نے بویا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں