اسدعمرنےلاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ سےغیرمشروط معافی مانگ لی

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے توہین عدالت کیس میں غیر مشروط معافی مانگ لی۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس جواد حسن نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر کو جاری توہین عدالت نوٹس پر سماعت کی۔ اسد عمر نے 26 نومبر کو راولپنڈی میں پی ٹی آئی جلسے کے دوران تقریر میں ججز پر تنقید کی تھی، عدالت نے اسد عمر کی تقریر کی ویڈیو اور ٹرانسکرپٹ بھی طلب کیا تھا، عدالت نے اسد عمر سے توہین عدالت کے نوٹس کا جواب بھی طلب کیا تھا۔

عدالتی حکم پر آج اسد عمر اپنے وکیل ایڈووکیٹ فیصل چوہدری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ اسد عمر نے عدالت کے روسٹرم پر آکر اپنی تقریر پر غیرمشروط معافی مانگی اور کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

جسٹس جواد حسن نے کہا کہ مسئلہ توہین عدالت کا نہیں اداروں اور ان کی شخصیات پر الزامات کا ہے، جس پر اسد عمر نے کہا کہ میری تقریر میں کسی جج کا نام نہیں تھا۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے غیر مشروط معافی مانگنے پر اسد عمر کو جاری توہین عدالت نوٹس کیس نمٹا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں