طالبہ پر تشدد کا واقعہ:سکول کی رجسٹریشن معطل کرنے کی سفارش

لاہور: چار طالبات کی جانب سے کلاس فیلو طالبہ پر تشدد کے معاملے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے اپنی انکوائری رپورٹ مرتب کر لی ہے۔

انکوائری رپورٹ میں کے مطابق واقعہ ڈی ایچ اے فیز 04 کے ایک نجی سکول کے کیفے ٹیریا کے باہر پیش آیا، چار طالبات نے اپنی کلاس فیلو پر تشدد کیا۔

انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سکول میں نظم و ضبط کا فقدان ہے، سکول کے کیفے ٹیریا کے داخلی راستے پر کیمروں کی تنصیب نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق لڑائی جھگڑا کرنے والی طالبات آپس میں دوست تھیں، واقعہ سکول سے باہر اسٹوڈنٹ پارٹی کی تصاویر والدین کے ساتھ شیئر کرنے پر پیش آیا۔

انکوائری افسران نے سکول کو 6 لاکھ روپے کا جرمانہ کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے، انکوائری افسران نے سکول کی رجسٹریشن معطل کرنے کی سفارش کر دی ہے۔اس کے علاوہ تشدد کرنے والی طالبات کے نام سکول سے خارج کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

انکوائری ڈی او زنانہ ایلیمنٹری ایجوکیشن لاہور، ڈپٹی ڈی او کینٹ اور ڈپٹی ڈی او ماڈل ٹاؤن نے کی۔ سی ای او ایجوکیشن لاہور نے اپنی انکوائری رپورٹ کو ڈی سی لاہور کو ارسال کر دیا ہے۔

ڈی سی لاہور محمد علی کل سفارشات کی روشنی میں سکول کی رجسٹریشن کو معطل کرنے یا جرمانہ کا فیصلہ کریں گے۔ ڈی سی لاہور نے سی ای او ایجوکیشن کو تشدد کے واقعہ کے بعد فوری انکوائری کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں