کابل: افغانستان کی وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ وہ دارالحکومت کابل میں ڈائریکٹر ایجوکیشن کے جاری کردہ بیان کی تحقیقات کر رہی ہے جس میں 12 سال کی لڑکیوں کو عوامی سطح پر گانے سے روکا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس پابندی کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ لڑکیوں نے “میں میرا گانا ہوں” #IAmMySong. کے عنوان سے ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے گانے کی ویڈیوز شائع کیں تھیں۔
یاد رہے کہ ماضی میں طالبان کی حکومت کے دوران افغانستان میں لڑکیوں کو گانا سیکھنے سے منع کیا گیا تھا، اور زیادہ تر قسم کی موسیقی حرام قرار دی گئی تھی۔
دارالحکومت ، کابل میں ڈائریکٹر ایجوکیشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق 12 سال کی عمر کے بعد لڑکیوں کو اسکول کے پروگراموں میں گانے گانے سے منع کیا گیا ہے، اور بڑی عمر کی لڑکیوں کو بھی میوزک مرد ٹیچرز سے سیکھنے سے منع کیا گیا ہے۔