سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو گرفتاری دینے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پربیان میں کہا کہ وہ اٹلانٹا میں گرفتاری دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ فرد جرم ان کی انتخابی مہم کو نقصان پہنچانے کی سیاسی کوشش ہے۔
یاد رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 2020ء میں جارجیا کے انتخابات میں اپنی شکست کو تبدیل کرنے کے الزام میں اسی ریاست نے فرد جرم عائد کی ہے۔
جارجیا میں ڈونلڈ ٹرمپ اور 18 دیگر مدعا علیہان پر 98 صفحات پر مشتمل فرد جرم عائد کی گئی تھی، فرد جرم میں ریاست کے 2020ء کے انتخابات میں اپنی شکست کو تبدیل کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں مجموعی طور پر 41 مجرمانہ الزامات عائد کئے گئے تھے۔
اس حوالے سے مقامی شیرف کے دفتر کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی گرفتاری کے بعد جیل کے ارد گرد سیکیورٹی سخت کردی جائے گی۔