لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مشہور اداکارہ فضا علی کا کہنا ہے کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں اپنے کام کا معاوضہ مانگنے کے لیے لوگوں کے سامنے رونا پڑا تھا۔
حال ہی میں اداکارہ فضا علی نے نجی ٹی وی شو میں شرکت کی جہاں پر انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران اتار چڑھاؤ سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
فضا علی نے اپنی والدہ مرحومہ کے علاج کے لیے رقم نہ ہونے پر آنے والی مشکلات کے حوالے سے کہا کہ جب میری والدہ کو علاج کی ضرورت تھی تو مجھے میرے ہی کام کا معاوضہ نہیں دیا گیا تھا ، میں لوگوں کے سامنے رو رہی تھی کہ مجھے میرا معاوضہ دے دیں، پھر مجبوراً مجھے اپنا فلیٹ پیچنا پڑا جس کے بعد میں نے اپنی والدہ کا علاج کروایا۔
انہوں نے کہا کہ میری والدہ کینسر کی مریضہ تھیں اور ان کے علاج کے لیے مجھے پیسوں کی بھی ضرورت تھی، اس وقت لوگوں نے مجھے میرا معاوضہ نہیں دیا تھا ، اگر وہ لوگ مجھے پیسے دے دیتے تو مجھے اپنا گھر نہ بیچنا پڑتا۔