2022 میں کافی مشکل وقت سے گزری، ثانیہ مرزا

11:48 AM, 2 Jan, 2023

احمد علی
بھارت کی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے نئے سال کی آمد پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے ، جس کی وجہ سے ان کے مداحوں میں ایک مرتبہ پھر سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ویڈیو شیرنگ ایپ انسٹاگرام اکاؤنٹ سے نیو ایئر کے موقع پر ثانیہ نے 2022 کی کچھ تصاویر شیئر کیں ۔ ثانیہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ میرے پاس 2022 کیلئے کوئی بہت طویل اور اچھا کیپشن تو نہیں ہے لیکن کچھ اچھی سیلفیاں ہیں ۔ ٹینس اسٹار نے اپنے مداحوں کو نئے سال کی مبارکباد دی اور لکھا کہ 2022 میں کچھ مواقع پر مجھے کافی مشکل وقت سے بھی گزرنا پڑا لیکن اب میں نے سب سنبھال لیا ہے۔ ثانیہ مرزا نے شکرگزار کا ہیش ٹیگ اپنی پوسٹ میں استعمال کرتے ہوئے ایک اور ہیش ٹیگ لکھا (You Can't Handle The Truth) جس کا مطلب ہے کہ آپ سچ کو برداشت نہیں کرسکتے۔ اس پوسٹ میں قابل غور بات یہ ہے کہ ثانیہ مرزا نے اپنی پوسٹ میں جتنی بھی سیلفیاں شیئر کیں ہیں ، ان میں سے کسی ایک میں بھی شعیب ملک موجود نہیں ہیں جس پر پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں صارفین نے ان سے یہ سوال بھی کیا ۔ خیال رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک 12 اپریل 2010 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ گذشتہ کچھ دنوں سے دونوں کی علیحدگی کی افواہیں سرگرم ہیں ، اسی حوالے سے دونوں میں سے کسی نے اب تک بات نہیں کی ہے ۔
مزیدخبریں