بابر نے سری لنکن لیگ کھیلنے کا فیصلہ کیوں کیا؟ والد نے بتا دیا

01:55 PM, 3 Aug, 2023

احمد علی
پاکستان کرکٹ ٹیم کےکپتان بابراعظم ان دنوں سری لنکا کے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ لنکا پریمیئر لیگ میں کولمبو سٹرائیکرز کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔ نیشنل ٹیم کے بریک کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کئی پلیئرز مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز کا حصہ ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بھی کینیڈا کی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیل رہے ہیں۔ کرکٹ شائقین کے ذہن میں ایک بات ضرور آتی ہوگی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کینیڈا کی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیلنے کے بجائے لنکا پریمیئر لیگ کھیلنے کو کیوں ترجیح دی؟ اس بات کا جواب بابر اعظم کے والد اعظم صدیق نے اب دے دیا ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بابر اعظم کے والد نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ 'سلام پاکستان ، بابر نے مجھ سے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران پو چھا کہ مجھےکینیڈین لیگ میں 10 دن کھیلنے کے پیسے بھی اتنے مل رہے ہیں جتنے لنکا پریمیئر لیگ کے 25 دن کے لیے مل رہے ہیں'، کینیڈا کا موسم بھی بہت اچھا ہے جبکہ ادھر سری لنکا میں شدید گرمی ہے، اب میں کیا کروں؟'۔ بابر اعظم کے والد نے کہا کہ میں نے اسے لنکا پریمیئر لیگ کھیلنے کا مشورہ دیا کیوں کہ ایشیاکپ بھی ادھر ہے اور شاید ا فغا نستان کے سا تھ سیریز بھی ادھر ہی ہوجائے، مشکل وکٹ کے تجربے ولڈ کپ میں بھی کام آئیں گے'۔ اعظم صدیق کا مزید کہنا تھا کہ بابر 10 دن بہترین ٹھنڈے موسم میں کھیل کر 10 دن گھر آرام کرسکتا تھا پر وطن کیلئے سب کچھ حاضر ہے، مقصد پاکستان کے لیے کچھ بھی کرنا ہے، بس پاکستان کا نام بلند ہو ،میں بھی دعا گو ہوں، پاکستان زندہ باد۔ خیال رہے کہ ایشیا کپ کا افتتاحی میچ 30 اگست کو پاکستان اور نیپال کے درمیان ملتان میں ہو گا ۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو گروپ میچ کھیلیں گی، پاکستان اور بھارت کا میچ سری لنکا کے شہر کینڈی میں ہو گا۔
مزیدخبریں