بابر نے سری لنکن لیگ کھیلنے کا فیصلہ کیوں کیا؟ والد نے بتا دیا

بابر نے سری لنکن لیگ کھیلنے کا فیصلہ کیوں کیا؟ والد نے بتا دیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کےکپتان بابراعظم ان دنوں سری لنکا کے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ لنکا پریمیئر لیگ میں کولمبو سٹرائیکرز کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔ نیشنل ٹیم کے بریک کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کئی پلیئرز مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز کا حصہ ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بھی کینیڈا کی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیل رہے ہیں۔ کرکٹ شائقین کے ذہن میں ایک بات ضرور آتی ہوگی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کینیڈا کی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیلنے کے بجائے لنکا پریمیئر لیگ کھیلنے کو کیوں ترجیح دی؟ اس بات کا جواب بابر اعظم کے والد اعظم صدیق نے اب دے دیا ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بابر اعظم کے والد نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ 'سلام پاکستان ، بابر نے مجھ سے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران پو چھا کہ مجھےکینیڈین لیگ میں 10 دن کھیلنے کے پیسے بھی اتنے مل رہے ہیں جتنے لنکا پریمیئر لیگ کے 25 دن کے لیے مل رہے ہیں'، کینیڈا کا موسم بھی بہت اچھا ہے جبکہ ادھر سری لنکا میں شدید گرمی ہے، اب میں کیا کروں؟'۔
بابر اعظم کے والد نے کہا کہ میں نے اسے لنکا پریمیئر لیگ کھیلنے کا مشورہ دیا کیوں کہ ایشیاکپ بھی ادھر ہے اور شاید ا فغا نستان کے سا تھ سیریز بھی ادھر ہی ہوجائے، مشکل وکٹ کے تجربے ولڈ کپ میں بھی کام آئیں گے'۔ اعظم صدیق کا مزید کہنا تھا کہ بابر 10 دن بہترین ٹھنڈے موسم میں کھیل کر 10 دن گھر آرام کرسکتا تھا پر وطن کیلئے سب کچھ حاضر ہے، مقصد پاکستان کے لیے کچھ بھی کرنا ہے، بس پاکستان کا نام بلند ہو ،میں بھی دعا گو ہوں، پاکستان زندہ باد۔ خیال رہے کہ ایشیا کپ کا افتتاحی میچ 30 اگست کو پاکستان اور نیپال کے درمیان ملتان میں ہو گا ۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو گروپ میچ کھیلیں گی، پاکستان اور بھارت کا میچ سری لنکا کے شہر کینڈی میں ہو گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔