کیلیفورنیا کے ساحل پر ڈولفنز کے سنسنی خیز کرتب، ہوا میں 10 فٹ اونچی چھلانگوں کی ویڈیو وائرل

کیلیفورنیا کے ساحل پر ڈولفنز کے سنسنی خیز کرتب، ہوا میں 10 فٹ اونچی چھلانگوں کی ویڈیو وائرل

(ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اورنج کاؤنٹی کے ساحل پر کشتی رانی اور وہیلز کا نظارہ کرنے والے سیاحوں کو اس وقت زندگی کا سب سے یادگار منظر دیکھنے کو ملا جب بوٹلنوز (Bottlenose) ڈولفنز کے ایک جوڑے نے سمندر سے نکل کر فضا میں تقریباً 10 فٹ بلندی تک فلپس لگاتے ہوئے شاندار چھلانگیں لگائیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔

’نیوپورٹ کوسٹل ایڈونچر‘کی کشتی میں سوار سیاحوں نے دو بڑی بوٹلنوز ڈولفنز کو انتہائی چستی کے ساتھ سمندر سے نکل کر بار بار ہوا میں بلند ہوتے اور غوطے لگاتے دیکھا۔

ماہرین کے مطابق ایک بالغ بوٹلنوز ڈولفن کی لمبائی 10 فٹ اور وزن 1000 پاؤنڈ (تقریباً 450 کلوگرام) سے زائد ہوتا ہے، اور اتنے بھاری جسم کے ساتھ سطح آب سے 10 فٹ بلند فضا میں چھلانگ لگانا ان کی غیر معمولی طاقت اور پھرتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ویڈیو شیئر کرنے والے عینی شاہدین کے مطابق یہ دونوں ڈولفنز دراصل 200 سے زیادہ ممبران پر مشتمل ایک دیوہیکل غول (Pod) کا حصہ تھیں، جو اس ساحلی علاقے میں اب تک دیکھے جانے والے سب سے بڑے ڈولفن غولوں میں سے ایک ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے ان مناظر کو بے حد سراہا اور ڈولفنز کی خوشی اور ذہانت پر دلچسپ تبصرے کیے۔

کیلیفورنیا کے ساحلوں پر حالیہ دنوں میں دیگر نایاب سمندری جاندار بھی کثرت سے دیکھے جا رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے اسی ساحل پر 10 سے 13 خطرناک ’اورکاس‘ (کلر وہیلز) کا ایک غول سیاحوں کی بوٹ کے قریب تیرتا پایا گیا۔

یہ کلر وہیلز عموماً میکسیکو اور وسطی امریکا کے پانیوں میں پائی جاتی ہیں، لیکن ال نینو (El Niño) کے اثرات اور سمندری پانی کے گرم ہونے کے باعث انہوں نے شمال کی جانب رخ کیا ہے۔

گرم لہروں کے باعث اگست میں مالیبو گھاٹ کے قریب ایک بڑی ’ہیمر ہیڈ شارک‘ دیکھی گئی، جو جنوبی کیلیفورنیا میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران اپنی نوعیت کا پہلا مشاہدہ تھا۔

اس کے علاوہ، تاریخ میں پہلی بار معدومی کے خطرے سے دوچار دو زیتونی سبز کچھوؤں (Olive Green Sea Turtles) نے کیلیفورنیا کے ساحل پر 200 سے زائد انڈے دیے، جنہیں بعد ازاں سمندری طوفان ’پولو‘ کے پیشِ نظر سائنسدانوں نے بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

Watch Live Public News