(ویب ڈیسک) بھارت میں ایک نوجوان کی جانب سے شادی کے لیے رکھی گئی غیر روایتی اور انوکھی شرائط نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں اس نے ایسی بیوی کی تلاش کا اعلان کیا ہے جو ملازمت یا کاروبار کے ذریعے گھر کے اخراجات اٹھائے جبکہ وہ خود کل وقتی 'گھریلو شوہر' بن کر گھر سنبھالنے کو تیار ہے۔
سالانہ 12 لاکھ آمدنی کی شرط :
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ (Reddit) پر پوسٹ شیئر کرنے والے شخص نے واضح کیا کہ وہ شادی کے بعد ملازمت کرنے کے بجائے مکمل طور پر گھر کی دیکھ بھال کرنا چاہتا ہے، جس میں کھانا پکانا، گھر کی صفائی، کپڑے دھونا اور دیگر تمام گھریلو امور انجام دینا شامل ہیں۔

اس کے بدلے اس نے شرط عائد کی کہ اس کی ہونے والی شریکِ حیات کی سالانہ آمدنی کم از کم 12 لاکھ بھارتی روپے ہونی چاہیے تاکہ وہ باآسانی گھر کے تمام مالی اخراجات برداشت کر سکے۔
مذکورہ شخص نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی واضح کیا کہ وہ شادی کے بعد بچے پیدا نہیں کرنا چاہتا اور صرف ایسی خاتون سے رشتہ جوڑنے کا خواہشمند ہے جو اس فیصلے سے مکمل طور پر متفق ہو۔
اس کا کہنا تھا کہ وہ روایتی سوچ سے ہٹ کر محبت، باہمی عزت اور برابری پر مبنی ایک ایسی ازدواجی زندگی گزارنا چاہتا ہے جس میں بیوی معاشی ذمہ داریاں سنبھالے اور شوہر گھر کا نظام چلائے۔
سوشل میڈیا صارفین کا ملا جلا ردعمل:
ریڈٹ پر یہ پوسٹ وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا؛ بعض صارفین نے مرد کی جانب سے بلا جھجک گھریلو ذمہ داریاں قبول کرنے کی سوچ کو سراہا، جبکہ متعدد صارفین نے تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آیا وہ شخص عملی ازدواجی زندگی میں خود بھی سمجھوتے اور قربانیاں دینے کے لیے تیار ہوگا یا نہیں۔