شارجہ میں انوکھا کیس: باہر گھمانے نہ لے جانے پر بیوی نے شوہر سے طلاق مانگ لی

شارجہ میں انوکھا کیس: باہر گھمانے نہ لے جانے پر بیوی نے شوہر سے طلاق مانگ لی

 (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست شارجہ میں ایک خاتون نے شوہر کی جانب سے سیر و تفریح کے لیے باہر نہ لے جانے پر دلبرداشتہ ہو کر طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔

عدالت کے شعبۂ فیملی گائیڈنس کی ڈائریکٹر ڈاکٹر رضیہ حسن الریسی نے ایک ٹی وی پروگرام میں انکشاف کیا کہ خاتون نے شوہر کے ہوم باؤنڈ طرزِ زندگی سے تنگ آ کر طلاق لینے کی باقاعدہ درخواست دی۔

خاتون کا کہنا تھا کہ ان کا شوہر ہر وقت گھر کے اندر رہنے کو ترجیح دیتا ہے اور اسے گھومنے پھرنے یا بیرونی سفر میں قطعی کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ خاتون نے تسلیم کیا کہ ان کے شوہر انتہائی سخی، صابر، پرسکون اور بااخلاق جیون ساتھی ہیں، مگر ان کی تفریح سے دوری ازدواجی تعلق میں تناؤ کی وجہ بن رہی ہے۔

فیملی گائیڈنس سروس نے خاتون کی بات سننے کے بعد انہیں سمجھوتہ کرنے اور طلاق کے فیصلے سے پیچھے ہٹنے کا مشورہ دیا۔

محکمے نے خاتون کو تجویز دی کہ وہ اپنے اس شوق کو پورا کرنے کے لیے اپنے بہن بھائیوں یا والدین و میکے والوں کے ساتھ سیر و سیاحت کے لیے چلی جایا کریں، لیکن اس معمولی بات پر ہنستا بستا گھر اور سکون برباد نہ کریں۔

ڈائریکٹر ڈاکٹر رضیہ نے واضح کیا کہ سیر و تفریح یا طرزِ زندگی کے بارے میں دونوں فریقین کی ترجیحات میں فرق بعض اوقات ذہنی پریشانی کا سبب ضرور بنتا ہے، لیکن یہ ایسا اختلاف نہیں جس کی بنیاد پر رشتہ ہی ختم کر دیا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ میاں بیوی کے درمیان پیش آنے والے ہر چھوٹے بڑے اختلاف کو قانونی تنازع بنانے سے گریز کرنا چاہیے، خاص طور پر تب جب شوہر میں کوئی سنگین اخلاقی یا قانونی برائی موجود نہ ہو۔

Watch Live Public News