(ویب ڈیسک) انسانی خلائی تاریخ کے مشہور ترین اور کامیاب ترین مشن وائجر 1 (Voyager 1) نے ایک اور ناقابلِ یقین سنگِ میل عبور کرنے کی تیاری کر لی ہے، تقریباً 5 دہائیوں سے خلا میں محوِ سفر یہ خلائی جہاز 18 نومبر کو زمین سے پورے ایک نوری دن (One Light Day) کی دوری پر پہنچ جائے گا۔
امریکی خلائی ادارے ناسا (NASA) کے اس تاریخی مشن کی رفتار، فاصلے اور تکنیکی کارناموں کی حیرت انگیز تفصیلات درج ذیل ہیں۔
25 ارب 90 کروڑ کلومیٹر کا فاصلہ اور ' نوری دن' کا مطلب:
18 نومبر کو وائجر 1 زمین سے لگ بھگ 25 ارب 90 کروڑ کلومیٹر دور پہنچ کر یہ تاریخ ساز سنگِ میل اپنے نام کر لے گا۔
ایک نوری دن (Light Day) کی دوری کا مطلب یہ ہے کہ کائنات کی تیز ترین رفتار یعنی روشنی کی رفتار (Light Speed) سے سفر کرنے والے ریڈیو سگنل کو بھی زمین سے وائجر 1 تک پہنچنے میں پورے 24 گھنٹے (ایک دن) کا وقت لگے گا۔
سائنسدانوں کے مطابق اس رفتار سے ایک مکمل نوری برس (Light Year) کا فاصلہ طے کرنے میں وائجر 1 کو تقریباً 18 ہزار سال لگ سکتے ہیں۔
1977 کا آغاز اور نظامِ شمسی سے باہر کا سفر:
1978 وائجر 1 کو اپنے جڑواں مشن وائجر 2 کے 16 دن بعد 5 ستمبر 1977 کو مشتری (Jupiter) اور زحل (Saturn) سمیت بیرونی نظامِ شمسی کے مطالعے کے لیے خلا میں روانہ کیا گیا تھا۔
وائجر 1 اگست 2012 میں نظامِ شمسی کی حدود سے باہر نکل گیا تھا، جبکہ وائجر 2 نے 2018 میں نظامِ شمسی کی حد عبور کی؛ یہ دونوں انسانوں کے تیار کردہ فی الحال واحد اسپیس کرافٹس ہیں جو نظامِ شمسی سے باہر بین النجمی خلا (Interstellar Space) میں سفر کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وائجر 2 کو ایک نوری دن کا یہ سنگِ میل طے کرنے کے لیے 2035 تک سفر جاری رکھنا ہوگا۔
مشن کے آغاز میں سائنسدانوں کا خیال تھا کہ ان خلائی جہازوں کی عمر محض 5 سال ہوگی، مگر آج یہ دونوں انسانی تاریخ کے سب سے طویل عرصے تک کام کرنے والے اسپیس کرافٹس بن چکے ہیں۔
وائجر 1 میں نصب 3 کمپیوٹرز سائنسی آلات سے قیمتی ڈیٹا اکٹھا کر کے روزانہ زمین پر منتقل کرتے ہیں، جبکہ ناسا کے ماہرین ہفتے میں ایک بار ان خلائی جہازوں کو کمانڈز بھیجتے ہیں اور بڑھتی عمر کے مسائل کے باوجود دونوں مشن تاحال کامیابی سے اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔