میٹا اسمارٹ گلاسز کے ذریعے فل باڈی ہولوگرام ویڈیو کالز کا شاندار آغاز

میٹا اسمارٹ گلاسز کے ذریعے فل باڈی ہولوگرام ویڈیو کالز کا شاندار آغاز

(ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک انقلابی پیش رفت کرتے ہوئے میٹا (Meta) نے سالانہ تقریب ’میٹا کنیکٹ 2026‘ (Meta Connect 2026) میں اپنے اسمارٹ گلاسز کے لیے حقیقت پسندانہ (Photorealistic) ہولوگرام فیچر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت صارفین واٹس ایپ پر ہاتھوں کے استعمال کے بغیر (Hands-free) ہولوگرافک ویڈیو کالز کر سکیں گے۔

میٹا رے بین ڈسپلے:

799 ڈالر مالیت کے میٹا رے بین ڈسپلے گلاسز میں یہ فیچر شامل کیا جا رہا ہے، جس کی بدولت ویڈیو کال کے دوران سامنے والے شخص کو صارف کا ڈیجیٹل چہرہ دکھائی دے گا۔اس فیچر کی باقاعدہ آزمائش امریکا میں رواں سال موسمِ خزاں کے اختتام پر واٹس ایپ صارفین کے لیے شروع کر دی جائے گی۔

طریقہ کار اور اے آئی ماڈل:

عام طور پر گلاسز سے کال کرنے پر کیمرہ سامنے کا منظر دکھاتا ہے، لیکن نیا ہولوگرام سسٹم کال کو روایتی ویڈیو کال کے بالکل قریب تر بنا دیتا ہے۔

اس کے لیے صارف کو میٹا اے آئی (Meta AI) ایپ کے ذریعے اپنے چہرے کا مختصر اسکین لینا ہوگا، جس کے بعد سسٹم ایک حقیقت پسندانہ ڈیجیٹل اوتار تیار کر دے گا۔

کال کے دوران چہرے کے تاثرات کو سنبھالنے کے لیے میٹا کے نئے Muse Realtime Avatar ماڈل کا استعمال کیا گیا ہے، جو صارف کی آواز اور گفتگو کے انداز کو سمجھ کر چہرے کے تاثرات تخلیق کرتا ہے۔ شفافیت کے لیے میٹا اس اسکرین پر ایک واٹر مارک بھی دکھائے گا تاکہ معلوم ہو سکے کہ یہ براہِ راست کیمرہ فیڈ نہیں بلکہ اوتار ہے۔

1,299 ڈالر کے فل باڈی وی آر گلاسز :

میٹا نے 1,299.99 ڈالر مالیت کے نئے جدید وی آر گلاسز بھی متعارف کرائے ہیں جو ہولوگرام کو مکمل سائنس فکشن کی سطح پر لے جاتے ہیں۔

ان گلاسز میں اندرونی کیمرے اور سینسرز نصب ہیں جو صارف کے حقیقی تاثرات اور ردِعمل کو ٹریک کر کے سامنے والے کا مکمل انسانی قد (Life-size) ہولوگرام کمرے میں کھڑا دکھاتے ہیں۔ اس دوران اسپیشل آڈیو (Spatial Audio) کے ذریعے آواز بھی بالکل اسی جگہ سے آتی محسوس ہوتی ہے جہاں ہولوگرام کھڑا ہو۔یہ مکمل ہولوگرافک کالز واٹس ایپ اور زوم (Zoom) جیسی سروسز پر کام کریں گی۔

رپورٹ کے مطابق یہ ہولوگرام مکمل تھری ڈی کے بجائے فی الوقت سامنے کا رخ (Frontal View) فراہم کرتا ہے، تاہم یہ ماضی کے کارٹون نما اوتارز کے مقابلے میں ایک غیر معمولی جست ہے۔

جدید وی آر گلاسز موسمِ بہار 2027 میں دستیاب ہوں گے، جبکہ میٹا رے بین ڈسپلے کے صارفین رواں سال ہی واٹس ایپ پر اپنے ڈیجیٹل ڈبل کے ذریعے کالز کا آغاز کر سکیں گے۔

Watch Live Public News