(ویب ڈیسک)ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر مواد تخلیق کرنے والوں (Content Creators) کی مالی معاونت کے لیے ایک انتہائی آسان اور جدید فیچر کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت محض لائیک بٹن دبا کر رکھ کر 1 ڈالر ٹپ بھیجی جا سکے گی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئے فیچر کے تحت صارفین کو کسی تخلیق کار کی مالی مدد کے لیے الگ سے کسی بیرونی بینکنگ یا ادائیگی کے پیچیدہ نظام پر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
صارف کو صرف پوسٹ پر موجود لائیک (Like) بٹن کو چند لمحے دبا کر رکھنا (Long Press) ہوگا، جس کے بعد فوری طور پر 1 ڈالر بطور ٹپ مواد تخلیق کار کو منتقل ہو جائے گا۔
'ایکس منی' (X Money) کے ذریعے ادائیگی:
یہ مالیاتی سہولت ایکس کے اپنے ادائیگیوں کے نظام ’ایکس منی‘ کے تحت فراہم کی جائے گی۔اس سروس کا بنیادی مقصد پلیٹ فارم کے اندر ہی بغیر کسی رکاوٹ کے فنانشل لین دین کو ممکن بنانا ہے تاکہ تخلیق کاروں کو ان کی محنت کا فوری اور براہِ راست صلہ مل سکے۔
یہ اقدام ایلون مسک کے اس دیرینہ وژن کا حصہ ہے جس کے تحت وہ ایکس کو محض سوشل نیٹ ورکنگ تک محدود رکھنے کے بجائے ایک مکمل جامع پلیٹ فارم بنانا چاہتے ہیں جہاں سوشل رابطوں کے ساتھ ساتھ باقاعدہ مالیاتی خدمات بھی میسر ہوں۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی نے فی الحال اس فیچر کے باقاعدہ اور مکمل اجرا کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔اسی طرح مختلف ممالک میں اس سروس کی بتدریج فراہمی اور مقامی کرنسیاں سپورٹ کرنے سے متعلق تفصیلات بھی تاحال سامنے آنا باقی ہیں۔