ویب ڈیسک: ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے سال امریکا کے ہر بچے کو اپنی کمپنی اسپیس ایکس کے حصص دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ وہ 2027 میں امریکا کے ہر بچے کو اسپیس ایکس میں اپنے حصص میں سے ایک حصہ دیں گے۔
اسپیس ایکس کی بنیاد مسک نے 2002 میں رکھی تھی۔ کمپنی خلائی راکٹوں، خلائی جہازوں اور اسٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کے لیے دنیا بھر میں جانی جاتی ہے اور اسے قیمتی ترین نجی کمپنیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
اندازوں کے مطابق اس منصوبے سے امریکا کے تقریباً 7 کروڑ 20 لاکھ بچوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے، جبکہ حصص کی موجودہ تخمینی مالیت کے حساب سے ان کی مجموعی قدر تقریباً 10.5 ارب ڈالر ہوسکتی ہے۔
تاہم، مسک نے تاحال اس منصوبے پر عمل درآمد کے طریقۂ کار، بچوں کی اہلیت اور حصص کی تقسیم سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔