تاریخ کا پہلا انسان بمقابلہ روبوٹ کیج فائٹ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

تاریخ کا پہلا انسان بمقابلہ روبوٹ کیج فائٹ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

(ویب ڈیسک) سائنس اور ٹیکنالوجی کی تاریخ میں ایک حیران کن اور سنسنی خیز نظارہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب تاریخ میں پہلی بار مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) کے پنجرے (Octagon) کے اندر ایک انسان اور 6 فٹ طویل وزنی ہیومنائڈ روبوٹ کے درمیان باضابطہ مقابلہ کروایا گیا۔

اپنے خطرناک اور جان لیوا اسٹنٹ کی وجہ سے شہرت رکھنے والے معروف ٹک ٹاک اسٹار اور انفلوئنسر فرینکی لاپینا نے سان فرانسسکو کی ٹیک کمپنی REK کے تیار کردہ ریموٹ کنٹرول روبوٹ کے خلاف رنگ میں اترنے کا چیلنج قبول کیا۔

مقابلے کے آغاز پر اناؤنسر نے اعلان کیا کہ "تاریخ میں پہلی بار ایک انسان کا سامنا 6 فٹ بلند روبوٹ سے ہو رہا ہے"۔ فائٹ سے قبل فرینکی کے کوچ نے کھلے عام تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا، "مجھے تمہارے لیے خوف آ رہا ہے"۔

حفاظتی پیڈز اور ہیلمٹ پہن کر رنگ میں اترنے والے فرینکی نے ابتدا میں روبوٹ پر چند گھونسے برسائے لیکن دھاتی جسم پر ان کا کوئی اثر نہ ہوا۔

اس کے فوری بعد روبوٹ نے کک باکسنگ کا انداز اپناتے ہوئے پے در پے طاقتور ککس ماریں، جس کی آخری شدید کک لگتے ہی فرینکی کینوس پر گر پڑے اور ایک لمحے کے لیے ایسا لگا کہ روبوٹ نے انسان کو ناک آؤٹ کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فائٹ میں استعمال ہونے والا روبوٹ جدید ENGINEAI T800 ہے، جس کی ایک کک 850 پاؤنڈز قوت پیدا کرتی ہے جبکہ ایک عام بالغ انسان کی کک کی اوسط قوت 650 پاؤنڈز ہوتی ہے۔

وائرل ویڈیو میں فرینکی کو گرتے دیکھ کر صارفین نے اسے ہالی وڈ فلم ' ٹرمینیٹر' اور سائنس فکشن سے تشبیہ دینا شروع کر دی۔

تاہم، REK کمپنی کے سی ای او سِکس لیو (Cix Liv) نے واضح کیا کہ شدید آغاز کے باوجود درحقیقت جیت انسان کی ہوئی۔ سنبھلنے کے بعد فرینکی نے روبوٹ کا توازن بگاڑا اور ایک ڈرامائی انداز میں اس کا سر ہی دھڑ سے اکھاڑ پھینکا۔

دھاتی وجود پر مکے برسانے کے باعث ہاتھ پر آنے والی ہلکی چوٹ کے علاوہ فرینکی اس تاریخی مقابلے سے بالکل محفوظ باہر نکل آئے۔

Watch Live Public News