ویب ڈیسک: جاپان کے 90 سالہ باڈی بلڈر توشیسوکے کانازاوا نے غیر معمولی جسمانی فٹنس برقرار رکھ کر سب کو حیران کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انہوں نے حال ہی میں جاپان ماسٹرز باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں 85 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کی کیٹیگری جیت کر اپنے قومی اعزازات کی تعداد 19 کر لی۔
توشیسوکے کانازاوا 30 اکتوبر کو اسپین کے شہر سانتا سوسانا میں ہونے والی آئی ایف بی بی ورلڈ فٹنس اینڈ باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں بھی شریک ہوئے، جہاں ان کا مقابلہ کم عمر کھلاڑیوں سے تھا۔ وہ پوڈیم پر جگہ نہ بنا سکے، تاہم 90 سال کی عمر میں شرکت نے سب کی توجہ حاصل کی۔
وہ اپنی فٹنس کا راز روایتی جاپانی غذا کو قرار دیتے ہیں، جس میں براؤن رائس، ناٹو، میسو سوپ اور کچے انڈے شامل ہیں۔ وہ پہلے روزانہ 6 پروٹین شیکس پیتے تھے، تاہم اب یہ تعداد کم کرکے 3 کر دی ہے اور گوشت و مچھلی بھی ترک کر چکے ہیں۔
کانازاوا نے زندگی میں کبھی سگریٹ یا شراب نوشی نہیں کی۔ وہ آج بھی باقاعدگی سے ورزش کرتے ہیں، تاہم اب اپنی عمر اور جسمانی صلاحیت کے مطابق جم مشینوں کا استعمال کرتے ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو ہفتے میں کم از کم 2 دن پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ورزشیں کرنی چاہئیں۔