میٹا کا بڑا قدم: فیس بک اور انسٹاگرام کی پوسٹس اب براہِ راست واٹس ایپ پر شیئر ہوں گی

میٹا کا بڑا قدم: فیس بک اور انسٹاگرام کی پوسٹس اب براہِ راست واٹس ایپ پر شیئر ہوں گی

(ویب ڈیسک) میٹا کی زیرِ ملکیت دنیا کے مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے سوشل میڈیا مواد کی شیئرنگ کو انتہائی آسان بنانے کی تیاری کر لی ہے۔ اب صارفین فیس بک اور انسٹاگرام پر موجود اپنی پسندیدہ پوسٹس، ویڈیوز، تصاویر اور ریلز کو بغیر کسی دشواری کے واٹس ایپ پر براہِ راست شیئر کر سکیں گے۔

واٹس ایپ کے فیچرز پر گہری نظر رکھنے والی ویب سائٹ 'وی بی ٹا انفو' (WABetaInfo) کی رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر کے تحت  وہ صارفین جنہوں نے اپنے اکاؤنٹس لنک کیے ہونگے وہ براہ راسٹ واٹس ایپ سے اپنی فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کی میڈیا  تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق جب صارف واٹس ایپ کے اندر کسی چیٹ میں Media Picker (تصاویر اور ویڈیوز منتخب کرنے والا سیکشن) اوپن کرے گا، تو وہاں دستیاب میڈیا سورسز کی فہرست میں اب فیس بک اور انسٹاگرام کے باقاعدہ آپشنز بھی دکھائی دیں گے۔

اس انضمام کے بعد صارفین کو اپنی فیس بک یا انسٹاگرام پوسٹس اور ریلز کو پہلے فون میں ڈاؤن لوڈ کرنے یا علیحدہ لنک کاپی کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، بلکہ وہیں سے براہِ راست مواد منتخب ہو جائے گا۔

صارفین اپنے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس سے منسلک اسٹوریز، پوسٹس، تصاویر اور ریلز کو ایک خوبصورت گرڈ (Grid View) کی شکل میں دیکھ کر باآسانی منتخب اور بھیج سکیں گے۔

یہ سہولت انفرادی چیٹس اور گروپس دونوں میں میڈیا شیئرنگ کو پہلے سے کہیں زیادہ تیز اور آسان بنا دے گی۔

یہ فیچر اس وقت اینڈرائیڈ اور آئی او ایس (iOS) دونوں آپریٹنگ سسٹمز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژنز میں ٹیسٹنگ کے مرحلے میں ہے۔چونکہ فیچر ابھی ابتدائی آزمائش سے گزر رہا ہے، اس لیے کمپنی کی جانب سے حتمی جانچ مکمل ہونے کے بعد اسے مرحلہ وار دنیا بھر کے تمام عام صارفین کے لیے باضابطہ طور پر ریلیز کیا جائے گا۔

Watch Live Public News