(ویب ڈیسک ) دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ اینڈرائیڈ پر ایک نیا 'پیمنٹس مینجمنٹ سیکشن' تیار کر رہی ہے، جس کے تحت صارفین ایپ کے اندر ہی اپنے بینک کارڈز اور شپنگ کی تفصیلات محفوظ کر سکیں گے۔ اس بڑی پیش رفت کو دنیا کے مزید ممالک میں واٹس ایپ ادائیگیوں کے باضابطہ آغاز کی اہم تیاری قرار دیا جا رہا ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ سیٹنگز کے اندر ایک نیا اور مخصوص 'پیمنٹس' ٹیب شامل کیا جا رہا ہے،اس اسکرین کو کھولتے ہی صارف کو نیا پیمنٹ میتھڈ شامل کرنے کا بٹن نظر آئے گا، جو صارف کو میٹا کے 'اکاؤنٹس سینٹر' (Accounts Center) پر لے جائے گا جہاں وہ اپنے ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کی معلومات محفوظ کر سکے گا۔

اس فیچر کے اندر ایک خصوصی 'شپنگ انفو' (Shipping Info) سیکشن دیا گیا ہے، جہاں صارفین اپنا ای میل ایڈریس، فون نمبر اور گھر یا دفتر کا پتہ محفوظ کر سکیں گے۔
جب بھی صارف واٹس ایپ یا دیگر میٹا ایپس سے کوئی خریداری کرے گا تو ڈیلیوری ایڈریس خودکار طور پر فل ہو جائے گا، جس سے ہر بار پتا ٹائپ کرنے کی زحمت ختم ہو جائے گی۔
اعلیٰ سیکیورٹی اور ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کی سہولت:
واٹس ایپ کے مطابق تمام مالیاتی تفصیلات کو مکمل طور پر انکرپٹ (Encrypt) رکھا جائے گا اور ادائیگی کا ڈیٹا صارف کے پروفائل ڈیٹا سے الگ محفوظ ہوگا۔
صارفین کو مکمل شفافیت فراہم کرنے کے لیے اپنے محفوظ شدہ ڈیٹا کی کاپی ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت بھی ملے گی۔ اگر صارف اپنے کارڈ کی تفصیلات ڈیلیٹ کرتا ہے، تو وہ یہ بھی تصدیق کر سکے گا کہ واٹس ایپ کے سرورز سے ڈیٹا مکمل مٹا دیا گیا ہے یا نہیں۔
فی الوقت واٹس ایپ پیمنٹس کی سروس صرف 4 ممالک (بھارت، برازیل، سنگاپور اور میکسیکو) میں ریگولیٹری منظوریوں کے ساتھ فعال ہے۔
تاہم آئی او ایس (iOS) اور اب اینڈرائیڈ پر بلنگ ایڈریس کے لیے آسٹریلیا، کینیڈا، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈز، آسٹریا اور امریکا جیسے ممالک کی شمولیت سے واضح اشارہ ملتا ہے کہ کمپنی اپنے پیمنٹ انفراسٹرکچر کو عالمی سطح پر پھیلانے کی تیاری میں ہے۔
یہ فیچر فی الوقت اینڈرائیڈ کے نئے بیٹا ورژن پر تیاری کے مراحل میں ہے اور ابھی تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے جلد ہی اسے بیٹا ٹیسٹرز اور بعد ازاں عام پبلک کے لیے مرحلہ وار جاری کیے جانے کی توقع ہے۔