(ویب ڈیسک)امریکی ریاست ٹینیسی سے تعلق رکھنے والے جمناسٹ میڈن شیلی نے غیر معمولی طاقت اور توازن کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلیوں کے جوڑوں یعنی مٹھی کے بل1 منٹ اور 23 سیکنڈ تک الٹا کھڑے رہنے کا نیا گینز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
میڈن شیلی 6 سال کی عمر سے جمناسٹکس کر رہے تھے اور ان کا خواب اولمپکس میں شرکت کرنا تھا۔
کمر کی ڈسک میں خرابی (Herniated Disc) اور فریکچرز کے باعث انہیں پیشہ ورانہ ٹریننگ چھوڑنی پڑی، تاہم صحت یابی کے دوران انہوں نے گینز ورلڈ ریکارڈز میں مردوں کے نقل ہینڈ اسٹینڈ کے ریکارڈ کو توڑنے کا عزم کیا۔
پہلا مرحلہ (4 ہفتے): چونکہ یہ روایتی جمناسٹکس کا حصہ نہیں تھا، اس لیے انہوں نے پہلے 4 ہفتے ویڈیوز دیکھ کر اور مختلف انداز آزما کر مٹھی پر وزن سنبھالنے کی بنیادی تکنیک سیکھی۔
دوسرا مرحلہ (6 ہفتے): اگلے 6 ہفتوں تک انہوں نے مٹھی کے بل جسم کا توازن برقرار رکھنے کی باقاعدہ مشق کی۔
تیسرا مرحلہ (6 ہفتے): آخری مرحلے میں انہوں نے شدید درد برداشت کرنے کی قوت پیدا کی، کیونکہ مٹھی پر جسم کا پورا وزن ڈالنے سے انگلیاں غیر فطری طور پر مڑ جاتی تھیں۔
شیلی کے مطابق ہر مشق کے بعد ان کی مٹھی اور انگلیاں بری طرح سوج جاتی تھیں، جس کے لیے وہ ٹریننگ کے بعد برف کی ٹکور (Icing) کرتے اور مناسب آرام کے ساتھ توازن قائم رکھتے تھے۔
انہوں نے 11 ستمبر 2025 کو باضابطہ طور پر عالمی ریکارڈ کی کوشش کی اور کامیابی سے 1 منٹ 23 سیکنڈ تک نقل ہینڈ اسٹینڈ برقرار رکھا۔
گینز ورلڈ ریکارڈز نے اس تاریخی کامیابی کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے انہیں سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ہے۔