ویب ڈیسک: اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والی 78 سالہ کیتھ بووی نے مقبول آن لائن گیم ’ فورٹ نائٹ‘ میں دنیا کی معمر ترین اسٹریمر کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیتھ بووی گزشتہ 9 برس سے ’grumpygran48‘ کے نام سے فورٹ نائٹ کی لائیو اسٹریمنگ کر رہی ہیں۔
کیتھ بووی کے مطابق انہیں گیمنگ کا شوق 2017 میں اپنے پوتے کو فورٹ نائٹ کھیلتے دیکھ کر ہوا، جس کے بعد انہوں نے خود بھی یہ گیم کھیلنا شروع کردی۔
انہوں نے بتایا کہ 9 سال سے مسلسل گیم کھیل رہی ہیں اور اگرچہ دیگر گیمز بھی آزمائیں، تاہم فورٹ نائٹ کے علاوہ کسی اور گیم میں انہیں وہ لطف نہیں آیا۔
کیتھ بووی کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے وہ خود کو ’گیمر‘ کے بجائے ’فورٹ نائٹر‘ کہنا پسند کرتی ہیں۔