ویب ڈیسک: مکہ مکرمہ کے رائل کمیشن نے مکہ کلاک ٹاور کے نام مزید 2 گنیز ورلڈ ریکارڈز حاصل کر لیے۔ کلاک ٹاور کو دنیا کا بلند ترین میوزیم اور بلند ترین کھلا مشاہداتی پلیٹ فارم ہونے کا اعزاز دیا گیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق یہ دونوں ریکارڈ 5 جنوری کو قائم کیے گئے۔ کلاک ٹاور میوزیم زمین سے 426.875 میٹر جبکہ کھلا مشاہداتی پلیٹ فارم 560.875 میٹر کی بلندی پر واقع ہے، جہاں سے مسجد الحرام اور مکہ مکرمہ کے اطراف کا خوبصورت منظر دیکھا جا سکتا ہے۔
میوزیم مئی 2019ء میں عوام کے لیے کھولا گیا تھا اور یہ کلاک ٹاور کی بالائی چار منزلوں پر مشتمل ہے۔ یہاں فلکیات، وقت کی پیمائش، مکہ مکرمہ کی تاریخ اور کلاک ٹاور کی تعمیر میں استعمال ہونے والی جدید انجینئرنگ سے متعلق معلومات اور نوادرات رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ فلکیاتی آلات اور اسلامی کیلنڈر کے نئے مہینے کے آغاز کے لیے چاند دیکھنے میں ان کے استعمال سے متعلق بھی آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔
601 میٹر بلند مکہ کلاک ٹاور 2012ء میں مکمل ہوا تھا۔ یہ مسجد الحرام کے قریب واقع ابراج البیت کمپلیکس کا حصہ ہے، جس میں سات بلند عمارتیں شامل ہیں۔ ٹاور کے چاروں اطراف نصب گھڑیوں میں سے ہر ایک کا قطر 43 میٹر ہے، جو لندن کے الزبتھ ٹاور کی گھڑیوں سے تقریباً چھ گنا بڑا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اس سے قبل 28 نومبر 2011ء کو کلاک ٹاور کی دیوقامت گھڑی کو بھی عالمی ریکارڈ کے طور پر تسلیم کیا تھا۔
نئے اعزازات کے بعد مکہ کلاک ٹاور کے نام گنیز ورلڈ ریکارڈز کی تعداد کم از کم پانچ ہو گئی ہے۔ رائل کمیشن کے مطابق یہ اعزازات مکہ مکرمہ کے تاریخی اور نمایاں مقامات کی ترقی اور زائرین، عازمینِ حج و عمرہ کے لیے سہولتوں میں بہتری کی کوششوں کا اعتراف ہیں۔