ویب ڈیسک: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے متعلق اہم بیان جاری کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران امریکا تنازع کے دوران پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔ اپریل میں پیٹرول 458 روپے جبکہ ڈیزل 520 روپے فی لیٹر تک فروخت ہو رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے بروقت اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں 18 نومبر تک پیٹرول کی قیمت کم ہوکر 325 روپے اور ڈیزل کی قیمت 358 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق اپریل کے مقابلے میں پیٹرول 133 روپے جبکہ ڈیزل 162 روپے فی لیٹر سستا ہوچکا ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت فیول سبسڈی اسکیم کے ذریعے بھی عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، جس سے مستفید ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔