موجودہ جنریشن کی صحت سابقہ نسلوں سے زیادہ خراب کیوں؟ نئی تحقیق میں تشویشناک انکشافات

موجودہ جنریشن کی صحت سابقہ نسلوں سے زیادہ خراب کیوں؟ نئی تحقیق میں تشویشناک انکشافات
کیپشن: موجودہ جنریشن کی صحت سابقہ نسلوں سے زیادہ خراب کیوں؟ نئی تحقیق میں تشویشناک انکشافات

ویب ڈیسک: برطانیہ میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ جنریشن ایکس (1965ء سے 1980ء کے درمیان پیدا ہونے والے افراد) سابقہ نسل یعنی بے بی بومرز کے مقابلے میں درمیانی عمر میں زیادہ صحت کے مسائل کا شکار ہیں۔

یونیورسٹی کالج لندن (یو سی ایل) کے محققین نے تقریباً 8 ہزار افراد کی صحت کا جائزہ لیا، جو 1970ء میں پیدا ہوئے تھے اور اب 50 سال کی عمر کے قریب ہیں۔

تحقیق کے مطابق جنریشن ایکس میں موٹاپے، ذیابیطس اور کینسر کی بعض اقسام کی شرح بے بی بومرز کے مقابلے میں زیادہ پائی گئی، جبکہ ذہنی دباؤ اور نفسیاتی مسائل کی علامات بھی زیادہ رپورٹ ہوئیں۔

تحقیق میں صرف 41 فیصد افراد نے اپنی صحت کو بہترین یا بہت اچھا قرار دیا، جبکہ 2008ء میں اسی عمر کے بے بی بومرز میں یہ شرح 50 فیصد تھی۔ دوسری جانب ایک چوتھائی سے زائد افراد نے اپنی صحت کو معمولی یا خراب قرار دیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ شرکاء نے زندگی میں صحت کو دولت، پیشہ ورانہ کامیابی اور ذاتی تعلقات سے زیادہ اہم قرار دیا اور اسے 10 میں سے 9.3 نمبر دیے، جبکہ دولت کو صرف 6.1 نمبر ملے۔

ایک اور تجزیے کے مطابق انگلینڈ میں صحت مند زندگی گزارنے کی متوقع مدت بھی 2022ء سے 2024ء کے دوران، 2017ء سے 2019ء کے مقابلے میں دو سال سے زیادہ کم ہوگئی۔

محققین کے مطابق جنریشن ایکس کی بگڑتی صحت ایک وسیع تر مسئلے کی نشاندہی کرتی ہے، کیونکہ مجموعی طور پر معاشرے میں بھی صحت مند زندگی گزارنے کی مدت کم ہوتی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News