ویب ڈیسک: روزانہ سگریٹ پینے کی عادت نہ صرف پھیپھڑوں بلکہ دماغی صحت کے لیے بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ سگریٹ نوشی سے الزائمر اور دماغی شریانوں کی بیماری سے ہونے والے ڈیمنشیا کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ آسٹریلیا کی کرٹن یونیورسٹی کے محققین کی سربراہی میں کی گئی اس تحقیق میں تقریباً 28 لاکھ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، جس کے نتائج سائنسی جریدے ’’ای کلینیکل میڈیسن‘‘ میں شائع ہوئے۔
تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی کرنے والوں میں کبھی سگریٹ نہ پینے والوں کے مقابلے میں ڈیمنشیا کا خطرہ 31 فیصد، الزائمر کا 40 فیصد جبکہ ویسکولر ڈیمنشیا کا خطرہ 52 فیصد زیادہ پایا گیا۔
محققین کے مطابق روزانہ پی جانے والی سگریٹوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ڈیمنشیا کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔ روزانہ 10 سگریٹ پینے والوں میں یہ خطرہ 16 فیصد جبکہ 20 سگریٹ پینے والوں میں 34 فیصد تک زیادہ پایا گیا۔
تاہم محققین نے واضح کیا کہ یہ نتائج سگریٹ نوشی اور ڈیمنشیا کے درمیان براہِ راست سبب اور نتیجے کا تعلق ثابت نہیں کرتے، البتہ تحقیق سے سامنے آنے والے شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سگریٹ نوشی ترک کرنا ڈیمنشیا کے خطرے میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔