ویب ڈیسک: کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ، کولپور، قردگاپ اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں، مختلف علاقوں میں 13 نومبر سے فورسز نے آپریشنز کیے۔
کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 کو محفوظ بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ جاری ہے جبکہ کولپور میں رات گئے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن سے خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں اور ان سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 14 نومبر کو فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے کواڈ کاپٹرز کے ذریعے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں میجر عمر منہاس اور حوالدار محمد عدنان خان نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بزدلانہ دہشت گرد حملے سیکیورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے، بھارت اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی سے فتنہ الہندوستان دہشت گردی میں ملوث ہے۔