ویب ڈیسک: ٹائی ٹینک کی تباہی سے صرف 19 روز قبل جاری ہونے والی ایک نایاب انشورنس دستاویز نیلامی کے لیے پیش کی جا رہی ہے، جس کی قیمت 50 ہزار پاؤنڈ تک لگنے کا امکان ہے۔
یہ دستاویز ٹائی ٹینک کے فولادی ڈھانچے کی انشورنس سے متعلق ہے، جس پر 27 مارچ 1912 کی تاریخ درج ہے۔ امریکی انشورنس کمپنی ’اٹلانٹک میوچل‘ نے جہاز کے ڈھانچے کو ایک لاکھ ڈالر کا انشورنس تحفظ فراہم کیا تھا۔
دستاویز میں جہاز کے سمندری آزمائشی سفر اور بیلفاسٹ سے ساؤتھمپٹن تک منتقلی کے دوران انشورنس تحفظ کی تفصیلات بھی درج ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 15 اپریل 1912 کو ٹائیٹینک اپنے پہلے سفر کے دوران برفانی تودے سے ٹکرا کر بحر اوقیانوس میں ڈوب گیا تھا، جس کے نتیجے میں تقریباً 1500 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ حادثے کے بعد انشورنس پالیسی کے تحت طے شدہ رقم بھی 30 روز کے اندر ادا کردی گئی تھی۔
یہ تاریخی دستاویز 21 نومبر کو برطانیہ کے علاقے ولٹ شائر کے قصبے ڈیوز میں واقع نیلام گھر ’ہنری آلڈرج اینڈ سن‘ میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی، جہاں اس کی قیمت 30 ہزار سے 50 ہزار پاؤنڈ تک لگنے کی توقع ہے۔
ٹائی ٹینک کی انشورنس دستاویز کی اہمیت
نیلام گھر کے مطابق یہ اپنی نوعیت کی انتہائی نایاب دستاویز ہے اور ان کے علم میں اس سے قبل ٹائی ٹینک کی اصل انشورنس پالیسی کی نیلامی کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔
ایک سال کے لیے جاری کی گئی اس پالیسی کا اطلاق 30 مارچ 1912 سے ہونا تھا، جس کے تحت جہاز کے فولادی ڈھانچے کو ایک لاکھ ڈالر کا تحفظ حاصل تھا۔ آج کی قدر کے مطابق یہ رقم تقریباً 35 لاکھ ڈالر بنتی ہے۔
دستاویز کے نچلے حصے میں ہاتھ سے تحریر کردہ ایک اضافی نوٹ بھی موجود ہے، جس میں 31 مارچ 1912 کو شام 7 بجے یا اس کے بعد بیلفاسٹ سے ساؤتھمپٹن تک جہاز کے سفر اور سمندری آزمائشی مراحل کو بھی انشورنس میں شامل کیا گیا تھا۔
نیلام گھر کا کہنا ہے کہ یہ دستاویز ٹائی ٹینک کی تاریخ، اس کی تیاریوں اور تباہ کن پہلے سفر سے پہلے کیے گئے انشورنس انتظامات کا ایک اہم تاریخی ریکارڈ ہے۔