ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے خاندان سے متعلق مالی معاملات پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ اسعد محمود کے دورِ وزارتِ مواصلات میں ڈیرہ اسماعیل خان کے پانچ اہم سڑکوں کے منصوبوں کی دوبارہ ٹینڈرنگ، ٹھیکوں کی منظوری اور لاگت میں غیر معمولی اضافے سے متعلق دستاویزات سامنے آگئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسعد محمود 19 اپریل 2022 سے 10 اگست 2023 تک وزیرِ مواصلات رہے۔ اس دوران پانچ منصوبوں کے ٹھیکوں میں سابقہ اور نئے ٹھیکیداروں کے ناموں میں تبدیلی کے ساتھ سرکاری تخمینوں اور منظور شدہ ٹھیکوں کی مالیت میں بھی نمایاں فرق سامنے آیا۔
پانچ منصوبوں کے ٹھیکوں کی تفصیلات
دستیاب تقابلی دستاویزات کے مطابق CSR-2014 میں چار منصوبوں کے لیے رستم ایسوسی ایٹس اور نصراللہ خان میان خیل کا جوائنٹ وینچر درج تھا، جبکہ ایک منصوبے میں حزب اللہ خان گنڈاپور کا نام موجود تھا۔ تاہم CSR-2022 کی دستاویزات میں پانچوں منصوبوں کے لیے سلطان محمود اینڈ کمپنی (SMC) جوائنٹ وینچر کا نام سامنے آیا۔
منصوبوں کی مالی تفصیلات درج ذیل ہیں:
1۔ بائی پاس SBC
سرکاری تخمینہ: ایک ارب 20 کروڑ روپے
منظور شدہ ٹھیکہ: ایک ارب 81 کروڑ روپے سے زائد
اضافی لاگت: تقریباً 51 فیصد
2۔ N-50 (لچھرہ تا مسن موڑ)
سرکاری تخمینہ: 34 کروڑ 69 لاکھ روپے
منظور شدہ ٹھیکہ: 53 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد
اضافی لاگت: تقریباً 54 فیصد
3۔ N-55 (قریشی موڑ تا نائیویلہ)
سرکاری تخمینہ: ایک ارب 14 کروڑ روپے
منظور شدہ ٹھیکہ: ایک ارب 78 کروڑ روپے سے زائد
اضافی لاگت: تقریباً 56 فیصد
4۔ بائی پاس NBC
سرکاری تخمینہ: ایک ارب 17 کروڑ روپے
منظور شدہ ٹھیکہ: ایک ارب 81 کروڑ روپے سے زائد
اضافی لاگت: تقریباً 55 فیصد
5۔ NH-55 (قریشی موڑ تا مریالی)
سرکاری تخمینہ: 14 کروڑ 52 لاکھ روپے
منظور شدہ ٹھیکہ: 76 کروڑ 59 لاکھ روپے سے زائد
اضافی لاگت: تقریباً 428 فیصد
ٹھیکیداروں کی تبدیلی اور مالی منظوریوں پر سوالات
دستاویزات میں پانچوں منصوبوں کے لیے ٹھیکیداروں کے ناموں میں تبدیلی اور تخمینہ شدہ لاگت کے مقابلے میں منظور شدہ ٹھیکوں کی زیادہ مالیت سامنے آنے کے بعد کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
اہم سوال یہ ہے کہ پانچوں منصوبوں کی دوبارہ ٹینڈرنگ کن قواعد کے تحت کی گئی اور کیا اس عمل میں کھلے اور مسابقتی طریقہ کار پر عمل کیا گیا؟
سابقہ ٹھیکیداروں کے معاہدوں کی منسوخی، مبینہ قانونی تنازعات اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے اسٹیٹس کو آرڈر کی موجودگی میں نئے ٹھیکوں کی منظوری کا قانونی جواز کیا تھا؟
اسی طرح تمام پانچ منصوبوں میں SMC جوائنٹ وینچر کو ٹھیکے ملنے کی وجوہات کیا تھیں؟ کیا نئے ٹھیکیداروں کی بولیوں اور سرکاری نرخوں کا آزادانہ تکنیکی و مالی جائزہ لیا گیا تھا؟
تحقیقاتی اداروں سے تحقیقات کا مطالبہ
اس معاملے میں عوامی حلقوں اور متعلقہ تحقیقاتی اداروں کے سامنے بھی متعدد سوالات موجود ہیں۔
پانچوں منصوبوں کی دوبارہ ٹینڈرنگ اور منظوری کس نے دی؟
SMC جوائنٹ وینچر کے مالکان، شراکت داروں اور اصل مستفید ہونے والے افراد کی تفصیلات کیا ہیں؟
کیا ٹھیکوں کی منظوری سے پہلے سرکاری نرخوں اور مارکیٹ ریٹس کا تقابلی جائزہ لیا گیا؟
کیا ٹینڈر ریکارڈ، ورک آرڈرز، ادائیگیوں اور نظرثانی شدہ تخمینوں کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا؟
کیا نیب اور ایف آئی اے ان منصوبوں کی تحقیقات کرکے ممکنہ مالی بے ضابطگیوں اور ذمہ داروں کا تعین کریں گے؟
معاملے میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے پانچوں منصوبوں کے ٹینڈر ریکارڈ، ٹھیکیداروں کی ملکیتی تفصیلات، سرکاری منظوریوں اور ادائیگیوں کا غیر جانب دارانہ فرانزک آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، تاکہ قومی خزانے سے خرچ ہونے والی رقم کے استعمال اور ٹھیکوں کی منظوری کے تمام مراحل کا جائزہ لیا جا سکے۔