ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 11 سے 14 نومبر تک تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ ملک کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
12 نومبر کو خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاوہ خطہ پوٹھوہار، بالائی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
13 نومبر کو بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ 14 نومبر کو بھی بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند اور اسموگ چھائی رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں سردی کی شدت برقرار رہے گی، جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے۔