نسٹ گریجویٹ کے اسٹارٹ اپ نے سلیکون ویلی میں بہترین اسٹارٹ اپ کا ایوارڈ جیت لیا

نسٹ گریجویٹ کے اسٹارٹ اپ نے سلیکون ویلی میں بہترین اسٹارٹ اپ کا ایوارڈ جیت لیا

(ویب ڈیسک)امریکی ریاست کیلیفورنیا میں منعقدہ معروف ' سلیکون ویلی نومبر سمٹ' میں پاکستانی ڈیپ ٹیک اسٹارٹ اپ 'RLabs' نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے بہترین اسٹارٹ اپ کا اعزاز 'GOAL Startup Award' اپنے نام کر لیا ہے۔

پلگ اینڈ پلے سمٹ اور گلوبل پچنگ:

یہ باوقار عالمی تقریب معروف وینچر کیپیٹل اور انوویشن پلیٹ فارم 'پلگ اینڈ پلے' (Plug and Play) کے زیرِ اہتمام 2 سے 5 نومبر تک منعقد ہوئی۔

تقریب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) اور ڈیپ ٹیک (Deep Tech) پر توجہ مرکوز تھی، جہاں 20 سے زائد صنعتی شعبوں کے 300 سے زیادہ اسٹارٹ اپس نے اپنی پروڈکٹس اور پچز پیش کیں۔

آر لیبز (RLabs) دنیا بھر کے ان 18 منتخب اسٹارٹ اپس میں شامل تھا جنہیں 'گلوبل اوورسیز ایکسلریشن اینڈ لرننگ' (GOAL) پروگرام کے تحت 3,000 سے زائد بانیوں، وینچر کیپیٹلسٹس، کارپوریٹ ایگزیکٹوز اور حکومتی رہنماؤں کے سامنے اپنے جدید منصوبے کو پیش کرنے کا موقع ملا۔

این آئی سی اے ٹی اور جدید ایکس آر (XR) ٹیکنالوجی:

آر لیبز کو نیشنل انکیوبیشن سینٹر فار ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز (Nicat) میں تیار اور پروان چڑھایا گیا ہے، جس کی سربراہی نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کے 2018 کے گریجویٹ حارث احمد کر رہے ہیں۔

حارث احمد کے مطابق انہوں نے گزشتہ ایک دہائی انسانوں کو ایکس آر (Extended Reality) سمولیٹرز میں پیچیدہ مشینیں چلانے کی تربیت دینے میں گزاری، اور اب وہ اسی انسانی تجربے کو مشینوں کی صلاحیتوں (Machine Instincts) کو ٹرین کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جسے جلد امریکا میں باضابطہ لانچ کیا جا رہا ہے۔

نیکیٹ (Nicat) کے مطابق، آر لیبز نے ایک ملکیتی لارج لینگویج ماڈل (LLM) تیار کیا ہے جو ایک ماڈیولر اور کراس پلیٹ فارم سمولیشن انجن کو چلاتا ہے، جس کے ذریعے سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کا وقت 75 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ کا بیان :

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "پاکستان سے سلیکون ویلی تک — یہ ہماری قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے!"

انہوں نے حارث احمد اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزارتِ آئی ٹی اور 'اِگنائٹ' (Ignite) کے تعاون سے چلنے والے انکیوبیشن نیٹ ورک کے ذریعے پاکستانی نوجوان دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم بلند کر رہے ہیں، اور حکومت کا مقصد ملکی اسٹارٹ اپس کو نہ صرف عالمی مقابلے کا اہل بنانا ہے بلکہ مستقبل کی ٹیکنالوجی کو تشکیل دینا ہے۔

Watch Live Public News