آزاد کشمیر انتخابات: باغ میں بڑے اپ سیٹ، سردار عتیق احمد خان اور سردار تنویر الیاس کو شکست

آزاد کشمیر انتخابات: باغ میں بڑے اپ سیٹ، سردار عتیق احمد خان اور سردار تنویر الیاس کو شکست
کیپشن: آزاد کشمیر انتخابات: باغ میں بڑے اپ سیٹ، سردار عتیق احمد خان اور سردار تنویر الیاس کو شکست

ویب ڈیسک: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کی 4 نشستوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے، جن میں بڑے سیاسی اپ سیٹ دیکھنے میں آئے ہیں۔

ایل اے 14 غربی باغ کے تمام 214 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق عوامی دست و بازو پارٹی کے امیدوار سردار ساجد اقبال نے مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کو شکست دے دی۔ سردار ساجد اقبال نے 40 ہزار 702 ووٹ حاصل کیے، جبکہ سردار عتیق احمد خان 19 ہزار 542 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

یہ نشست طویل عرصے سے مسلم کانفرنس کا مضبوط گڑھ سمجھی جاتی رہی ہے اور 1985 سے جماعت کے پاس رہی ہے۔ سردار عتیق احمد خان کی شکست کو انتخابات کا بڑا سیاسی اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی شکست کے بعد مسلم کانفرنس آزاد کشمیر اسمبلی میں نمائندگی سے بھی محروم ہوگئی ہے۔

ایل اے 15 وسطی باغ میں پیپلز پارٹی کے ضیا قمر نے مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس کو شکست دے دی۔ تمام 181 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق ضیا قمر نے 16 ہزار 637 جبکہ مشتاق منہاس نے 15 ہزار 15 ووٹ حاصل کیے۔ جماعت اسلامی کے بریگیڈیئر راجا محمد خان 12 ہزار سے زائد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

اسی حلقے سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور آئی پی پی کے صدر سردار تنویر الیاس بھی انتخاب لڑ رہے تھے، تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے۔

ایل اے 16 شرقی باغ میں 186 میں سے 174 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر 18 ہزار 950 ووٹ کے ساتھ آگے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار قمر الزمان خان 15 ہزار 750 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس حلقے کے 12 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی، جس کے باعث حتمی نتیجہ روک دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایل اے 17 حویلی کہوٹہ سے وزیراعظم آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کامیاب ہوگئے۔ تمام 190 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق انہوں نے 31 ہزار 839 ووٹ حاصل کیے، جبکہ مسلم لیگ ن کے چوہدری محسن عزیز 28 ہزار 975 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے قریب ترین حریف کو 2 ہزار 864 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ چوہدری محسن عزیز نے انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر احتجاج بھی کیا۔

Watch Live Public News