امریکی تاریخ میں پہلی بارمحکمہ انصاف  کا تمام 50 ریاستوں میں انتخابات کی کڑی نگرانی کا اعلان 

امریکی تاریخ میں پہلی بارمحکمہ انصاف  کا تمام 50 ریاستوں میں انتخابات کی کڑی نگرانی کا اعلان 

(ویب ڈیسک) امریکا کے محکمہ انصاف (US Department of Justice) نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار مڈ ٹرم انتخابات کے دوران تمام 50 ریاستوں میں بیک وقت ووٹنگ کے عمل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تاریخ کا سب سے بڑا مانیٹرنگ آپریشن:

محکمہ انصاف کی سول رائٹس ڈویژن کی اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ہرمیت کے ڈھلون کے مطابق انتخابات کی شفافیت موجودہ انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے تحت شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے یہ تاریخی اور وسیع آپریشن شروع کیا گیا ہے۔

پولنگ کے دن وفاقی ووٹنگ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تقریباً 1,000 مانیٹرز اور مبصرین کو پورے ملک میں فعال کیا گیا ہے۔

اس مشن میں سول رائٹس ڈویژن، امریکی اٹارنی دفاتر اور آفس آف پرسنل مینجمنٹ کے خصوصی تربیت یافتہ اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔

مبصرین کے اختیارات اور دائرہ کار:

وفاقی مبصرین ریاست اور مقامی الیکشن حکام سے مسلسل رابطے میں رہیں گے تاکہ 1965 کے تاریخی 'ووٹنگ رائٹس ایکٹ' اور معذور افراد کی رسائی سے متعلق 'امریکنز وِد ڈس ایبلیٹیز ایکٹ' کا نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔

نسل، رنگ، قومیت یا مذہب کی بنیاد پر ووٹرز کو ڈرانے دھمکانے یا ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کی کسی بھی مجرمانہ کوشش کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انتخابی میدان اور سیاسی داؤ:

یہ ملک گیر نگرانی ایک ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب امریکی عوام کانگریس کے ایوانِ نمائندگان (House of Representatives) کی تمام 435 نشستوں، سینیٹ کی 35 نشستوں اور 36 ریاستوں کے گورنرز کا انتخاب کر رہے ہیں۔

فی الوقت امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں پر ریپبلکنز کا کنٹرول ہے، جبکہ ڈیموکریٹس ایوان میں اکثریت حاصل کر کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قانون سازی اور پالیسی ایجنڈے کو روکنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News