ویب ڈیسک: اسلام آباد کی فیملی کورٹ نے سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اہلیہ حمیرا طیبہ کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کرتے ہوئے نکاح ختم کرنے کا حکم دے دیا۔
فیملی کورٹ کی جج عنبرین اقبال نے کیس کی سماعت کے بعد خلع کی ڈگری جاری کی۔ عدالت کے مطابق حمیرا طیبہ اپنے شوہر کے ساتھ مزید ازدواجی زندگی گزارنے پر آمادہ نہیں تھیں، جبکہ فریقین کے درمیان مصالحت کی تمام کوششیں بھی ناکام ہوگئیں۔ سماعت کے دوران خاتون نے اپنے بیانِ حلفی میں شوہر کے ساتھ رہنے سے انکار کیا اور ان سے نفرت کا اظہار کیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ حق مہر کے حوالے سے دونوں فریقین کا ایک دوسرے پر کوئی دعویٰ نہیں ہے۔
فیملی کورٹ نے بچوں کے نان نفقے، غیر شادی شدہ بیٹیوں کے اخراجات اور دیگر استدعاؤں سے متعلق باقی دعویٰ واپس لیے جانے پر خارج کردیا۔
عدالت نے خلع کی ڈگری کی مصدقہ نقل شوہر اور متعلقہ یونین کونسل کو بھجوانے کا حکم بھی دے دیا۔