ویب ڈیسک: جرمن سپر ماڈل ہائیڈی کلوم نے ہالووین 2026 پر اپنے منفرد اور حیران کن لباس سے ایک بار پھر سب کی توجہ حاصل کر لی۔ نیویارک میں اپنی سالانہ ہالووین پارٹی کے دوران وہ دیوہیکل انسانی ہاتھ کا روپ دھارے نظر آئیں۔
فیشن میگزین ’ووگ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے ہائیڈی کلوم نے بتایا کہ وہ ہر سال ایسا لباس پہننا چاہتی ہیں جو لوگوں نے پہلے کبھی نہ دیکھا ہو۔ اس منفرد لباس کا خیال انہیں تقریباً ایک سال پہلے آیا تھا۔
خصوصی ایفیکٹس کے ماہر مائیک مارینو اور ان کی ٹیم نے ہائیڈی کے ہاتھ کا اسکین لے کر یہ لباس تیار کیا، جس میں رگوں، پٹھوں، انگوٹھیوں اور انگلی پر بنے ٹیٹو تک کی حقیقت سے قریب تر نقل کی گئی۔
ہائیڈی کے مطابق لباس کی تیاری کے دوران ایک بڑا چیلنج یہ بھی تھا کہ اسے پہن کر چلنا پھرنا ممکن بنایا جائے۔
واضح رہے کہ ہائیڈی کلوم کی مشہور سالانہ ہالووین پارٹی کو اس سال 25 سال مکمل ہو گئے ہیں۔