(ویب ڈیسک) لندن کے معروف نیچرل ہسٹری میوزیم کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے دنیا کے سب سے باوقار فوٹوگرافی مقابلے میں اٹلی سے تعلق رکھنے والے فوٹوگرافر فیڈریکو ویرونیسی (Federico Veronesi) کی دل کو چھو لینے والی تصویر نے سال 2026ء کے ’وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ایئر‘ کا عالمی اعزاز جیت لیا ہے۔ اس تصویر میں نمیبیا کے بیابان میں ایک ہتھنی کو مردہ بچے کو اٹھائے چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹوگرافر فیڈریکو ویرونیسی نمیبیا کی ہوآب ریور ویلی (Huab River Valley) میں ہاتھیوں کے تعاقب میں تھے جب ان کی نظر ریت پر کسی بھاری چیز کو گھسیٹے جانے کے نشانات پر پڑی۔
نشانات کا پیچھا کرتے ہوئے انہوں نے ایک ہتھنی کو ننھے ہاتھی کی لاش گھسیٹتے ہوئے دیکھا۔ ابتدا میں فوٹوگرافر سمجھے کہ یہ اس کی ماں ہے، تاہم ہاتھیوں پر تحقیق کرنے والے ماہرین نے حیران کن انکشاف کیا۔
ماہرین نے اس مخصوص ہتھنی کو پہچانتے ہوئے بتایا کہ اس کا اپنا بچہ کئی برس قبل مر چکا تھا، اور تب سے وہ غم کی کیفیت میں ریوڑ کی دیگر ہتھنیوں کے مردہ بچوں کو اٹھا کر گھومتی دیکھی گئی ہے، جو جانوروں میں گہرے جذبات اور شعور کا واضح ثبوت ہے۔
جیوری کی سربراہ کیتھی موران کا کہنا تھا کہ یہ تصویر دیکھنے والے کو جذباتی دھچکا پہنچاتی ہے اور ثابت کرتی ہے کہ جانور بھی رنج، غم اور گہرا شعور رکھتے ہیں۔
نیچرل ہسٹری میوزیم کے ڈائریکٹر ڈف گیور نے کہا کہ یہ تصاویر فطرت کی طاقت کو اجاگر کرتی ہیں اور ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ اس کرۂ ارض پر ہر جاندار کی زندگی کتنی اہم اور باہم جڑی ہوئی ہے۔
رواں سال مقابلے میں دنیا بھر کے 121 ممالک سے 65 ہزار سے زائد تصاویر بھیجی گئی تھیں جن میں سے درجن سے زائد کیٹیگریز میں فاتحین کا چناؤ کیا گیا۔
11 سے 14 سال کی کیٹیگری:

یہ اعزاز آسکر وائٹ فیلڈ نے جیتا۔ ان کی تصویر ’لیبر آف لو‘ زمبابوے کے زمبیزی نیشنل پارک میں کھینچی گئی تھی جس میں ایک بھنورے (Dung Beetle) کو گوبر کی گیند اونچائی کی طرف دھکیلتے ہوئے جدوجہد کرتے دکھایا گیا ہے۔
10 سال یا اس سے کم عمر کی کیٹیگری:

کم سن فوٹوگرافر ایمیلی ڈیوس نے اپنے والد کے اسمارٹ فون سے ایک باغ میں پھول پر منڈلاتی شہد کی مکھی کی شاندار تصویر ’فلائٹ آف دی بمبل بی‘ کھینچ کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔