خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کی ذمہ داری سہیل آفریدی پر عائد ہوتی ہے، بلاول بھٹو

 خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کی ذمہ داری سہیل آفریدی پر عائد ہوتی ہے، بلاول بھٹو
کیپشن:  خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کی ذمہ داری سہیل آفریدی پر عائد ہوتی ہے، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں موجودہ سیاسی اور امن و امان کی صورتِ حال کی ذمہ داری پی ٹی آئی اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر عائد ہوتی ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں ایمرجنسی کا نفاذ آخری آپشن تھا۔

قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے ایمرجنسی سے بچنے کے لیے اپوزیشن کو مذاکرات پر آمادہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، تاہم پی ٹی آئی نے خود اپنے خلاف سیاسی حالات پیدا کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت صدرِ مملکت کو ایمرجنسی کے نفاذ کا اختیار حاصل ہے۔

بلاول بھٹو نے انکشاف کیا کہ مذاکرات کے دوران انہیں اطلاع دی گئی تھی کہ پی ٹی آئی اس بات پر رضامند ہوگئی ہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کو صوبائی حکومت دہشت گردی سے متاثرہ علاقے قرار دے گی اور وفاق، صوبہ اور اپوزیشن مل کر دہشت گردی کے خلاف مشترکہ معاہدہ کریں گے۔ ان کے بقول انہیں امید تھی کہ سیاسی قیادت کسی نتیجے پر پہنچ گئی ہے، تاہم مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک جماعت، فوج یا پولیس کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری قوم کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ قومی سلامتی کے معاملے پر اپنا کردار ادا کرے۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم اور وفاقی حکومت کو دوبارہ مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی ہمیشہ کے لیے نافذ نہیں رہ سکتی اور سیاسی مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے ہی نکالا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر بنایا تھا، اس لیے دہشت گردی کے خلاف بھی تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے سب کو مل کر کھڑا ہونا ہوگا۔

Watch Live Public News