(ویب ڈیسک) سعودی عرب میں تاریخ و تحقیق کے معتبر ادارے 'کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن فار ریسرچ اینڈ آرکائیوز' نے مدینہ منورہ کا ایک خصوصی اور نادر تاریخی نقشہ جاری کیا ہے، جس میں شہرِ مقدس کی ان تمام نمایاں مساجد اور تاریخی مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مختلف اوقات میں نماز ادا فرمائی تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ان میں مسجد الفتح، مسجد بنی حارثہ، مسجد بنی سلمہ (مسجد قبلتین)، مسجد بنی حرام، مسجد جھینہ، مسجد بنی زریق، مسجد و مصلیٰ الغمامہ، مسجد السقیا، اور مسجد بنی خدرۃ سمیت دیگر وہ تمام مقامات نمایاں ہیں جہاں نبی اکرمؐ نے مختلف مواقع پر عبادات اور نمازیں ادا کیں۔
رپورٹس کے مطابق اس تاریخی نقشے کی اشاعت کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن کی جانب سے 'ضیوف الرحمان کی خدمت پروگرام' کے تحت کی گئی ہے۔

یہ اقدام سعودی عرب کے قومی ترقیاتی منصوبے 'سعودی وژن 2030' کے ان اہداف کا حصہ ہے جن کا مقصد حجاج اور عمرہ زائرین کے روحانی تجربے کو مزید بہتر اور معلوماتی بنانا ہے۔
یہ نقشہ سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اسلامی تاریخ کے محققین اور طلبہ کے لیے ایک انتہائی قیمتی اور مستند دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس دستاویز کے ذریعے محققین ان مقدس مقامات کا اصل جغرافیائی تعین کر سکیں گے اور مدینہ منورہ کی قدیم و اصل حدود میں ان کی تقسیم کا سائنسی و تاریخی جائزہ لے سکیں گے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد مدینہ منورہ کے تاریخی اور جغرافیائی ورثے کو واضح اور محفوظ کرنا ہے تاکہ دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو شہرِ مقدس کے ان بابرکت مقامات کے بارے میں مستند، جامع اور تفصیلی معلومات باآسانی حاصل ہو سکیں۔