سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کی اولین ترجیح ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا دوٹوک مؤقف

سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کی اولین ترجیح ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا دوٹوک مؤقف
کیپشن: سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کی اولین ترجیح ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا دوٹوک مؤقف

ویب ڈیسک: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے عرب اخبار ’’الشرق الاوسط‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان موجودہ حالات میں سعودی عرب کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کو تیار ہے۔ اس سلسلے میں سعودی عرب کو فوجی اہلکاروں، عسکری صلاحیتوں، تربیت اور لاجسٹک معاونت سمیت ہر ممکن دفاعی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوجی پہلے ہی سعودی عرب میں مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جن میں دفاعی معاونت، مشترکہ فوجی مشقیں اور تربیتی سرگرمیاں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد دفاعی تعاون کے معاہدے کی ذمہ داریوں پر عملی پیش رفت شروع ہو چکی ہے۔ پاکستان نے سعودی شہروں، ہوائی اڈوں اور شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ 26 اکتوبر کو تہران میں ایران کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا بنیادی مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران ملاقات میں شرکت پاکستان کے مذاکرات اور تنازعات کے پُرامن حل کے مؤقف کی عکاسی کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاروں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

Watch Live Public News