ریلیز سے قبل ہی 75 کروڑ ڈالرز سے زائد کی کمائی،GTA 6 کے پری لوڈز ریلیز سے 9 دن پہلے شروع

ریلیز سے قبل ہی 75 کروڑ ڈالرز سے زائد کی کمائی،GTA 6 کے پری لوڈز ریلیز سے 9 دن پہلے شروع

(ویب ڈیسک) معروف گیمنگ کمپنی راک اسٹار گیمز (Rockstar Games) نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ منتظر گیم Grand Theft Auto VI (GTA 6) کے ڈیجیٹل پری لوڈز کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

 گیمرز ریلیز سے نو دن قبل 10 نومبر سے پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز X|S پر گیم ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، جبکہ دوسری جانب اینالیٹکس فرم سینسر ٹاور کے مطابق ریلیز سے قبل ہی گیم کے ڈیجیٹل پری آرڈرز نے دنیا بھر میں تاریخی ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔

پری لوڈز اور بھاری بھرکم فائل سائز:

جن صارفین نے گیم کا ڈیجیٹل ایڈیشن پری آرڈر کیا تھا، وہ اب اسے اپنے کنسولز پر ایڈوانس ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

راک اسٹار سپورٹ کے مطابق گیم انسٹال کرنے کے لیے کنسول کے لحاظ سے زیادہ سے زیادہ 212 GB تک مفت اسٹوریج اسپیس درکار ہو سکتی ہے۔

گیم موجودہ کنسولز پر 30 فریمز فی سیکنڈ (FPS) کو ٹارگٹ کرے گی، جبکہ پلے اسٹیشن 5 پرو (PS5 Pro) پر زیادہ شارپ گرافکس اور خصوصی 'رے ٹریسڈ شیڈوز' (Ray-traced shadows) کا فیچر دستیاب ہوگا۔

ایکس باکس ون اور ایکس باکس سیریز کے صارفین اسے ' ایکس باکس کلاؤڈ گیمنگ' کے ذریعے بھی اسٹریم کر سکیں گے، جس میں سیریز ایس کی گرافکس سیٹنگز لاگو ہوں گی۔

77 لاکھ پری آرڈرز اور 750 ملین ڈالرز کی متوقع کمائی:

ڈیٹا اینالیٹکس فرم سینسر ٹاور (Sensor Tower) کے ماڈلنگ ڈیٹا کے مطابق، ریلیز سے تقریباً دو ہفتے قبل ہی گیم کے متوقع ڈیجیٹل پری آرڈرز 7.71 ملین (تقریباً 77 لاکھ) سے تجاوز کر چکے ہیں، جس سے ممکنہ آمدن 751 ملین امریکی ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔

کل پری آرڈرز میں 74 فیصد کا بھاری حصہ پلے اسٹیشن 5 (تقریباً 559 ملین ڈالر ریونیو) کا ہے، جبکہ بقیہ 26 فیصد حصہ ایکس باکس سیریز X|S (تقریباً 192 ملین ڈالر) کا ہے۔

نئے ریکارڈز:

خریداروں کی بھاری اکثریت نے گیم کا سب سے مہنگا ایڈیشن منتخب کیا ہے؛ اعداد و شمار کے مطابق 89 فیصد خریداروں نے 100 امریکی ڈالر مالیت کا 'الٹیمیٹ ایڈیشن' (Ultimate Edition) لیا، جبکہ صرف 11 فیصد صارفین نے 80 ڈالر والا 'اسٹینڈرڈ ایڈیشن' خریدا۔

امریکا میں ڈیجیٹل پری آرڈرز کے موازنے میں GTA 6 نے 'کال آف ڈیوٹی: ماڈرن وارفیئر 2' کو اسی ٹائم فریم کے دوران 148 فیصد کے بڑے مارجن سے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سینسر ٹاور کے سینئر نائب صدر کارل کونٹس کے تجزیے کے مطابق، لانچ کے وقت تک GTA 6 کے پری آرڈرز 25 ملین تک جا سکتے ہیں جس سے ممکنہ پری آرڈر سیلز 2 ارب ڈالرز کے ہندسے کو چھو سکتی ہے۔

Watch Live Public News