(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو کے دوران اپنی موت کے بعد کی زندگی اور جنت میں داخلے کے حوالے سے گفتگو کی ۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ایک مذہبی انسان ہیں اور اصولی طور پر وہ جنت کے ہی حقدار ہیں۔
پروگرام کے دوران میزبان نے 80 سالہ ٹرمپ سے سوال کیا کہ متعدد قاتلانہ حملوں میں بال بال بچنے کے بعد وہ موت اور آخرت کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟
ٹرمپ نے جواب دیا کہ "میں جنت میں جانا چاہتا ہوں، جہنم میں نہیں۔ چونکہ میں ایک مذہبی شخص ہوں، اس لیے اصولی طور پر مجھے جنت میں ہی جانا چاہیے اور مجھے پوری امید ہے کہ ایسا ہی ہوگا۔
جب میزبان نے استفسار کیا کہ اگر جنت کی شرط سابق اسپیکر نینسی پلوسی اور سابق ایف بی آئی ڈائریکٹر جیمز کومی جیسے کٹر مخالفین کو معاف کرنا ہو تو کیا وہ انہیں معاف کریں گے؟
ٹرمپ نے واضح انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مخالفین کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے، چاہے اس کی قیمت انہیں جنت سے محروم رہ کر ہی کیوں نہ چکانی پڑے۔
ٹرمپ نے اپنے حریفوں پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی بے ایمان، بد دیانت اور امریکا کے لیے خطرناک لوگ ہیں جنہوں نے ان کے خلاف ریاستی اداروں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے بے دریغ استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ملک سے ان برے لوگوں سے کہیں زیادہ محبت کرتے ہیں، اس لیے وہ ان کے ظلم کو معاف نہیں کر سکتے۔
گفتگو کے اختتام پر ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ دنیا سے رخصت ہونے کے بعد امریکی عوام اور دنیا انہیں اچھے الفاظ میں یاد رکھے گی اور ان کی کمی محسوس کرے گی۔