انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان کی مسلسل تیسری جیت، نیپال کو 101 رنز سے شکست دیدی

انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان کی مسلسل تیسری جیت، نیپال کو 101 رنز سے شکست دیدی

(ویب ڈیسک)انڈر 19 مقابلے میں پاکستان نے آل راؤنڈ کارکردگی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے نیپال کو باآسانی 101 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان کے 275 رنز کے بڑے مجموعے کے تعاقب میں نیپال کی پوری ٹیم 44ویں اوور میں 174 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ 

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کے اوپنرز عثمان خان نے 19 اور جہانگیر بلال نے 22 رنز بنائے، جبکہ ون ڈاؤن بیٹر عبدالقادر 6 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ 

اس کے بعد کپتان فرحان یوسف اور احمد حسین نے شاندار اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بولرز کو بے بس کر دیا، احمد حسین نے شاندار 89 رنز اور کپتان فرحان یوسف نے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

مڈل آرڈر میں حسنین عباس ڈار نے 25 اور حمزہ ظہور نے 11 رنز جوڑے، جبکہ محمد صیام 2 اور رضوان اللہ 5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، یوں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 275 رنز کا مضبوط ٹوٹل کھڑا کیا۔ 

276 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپالی ٹیم آغاز سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ 

نیپال کی جانب سے روہت چند 37، نیرج کمار یادو 29، ابھے یادو 23، سوریا انشو کوئرالا 22 اور درش سونار 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 

پاکستان کی جانب سے بلے بازی میں 89 رنز بنانے والے احمد حسین نے بولنگ میں بھی تباہی مچاتے ہوئے نیپال کے 4 بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 

محمد حذیفہ نے 2، محمد صیام نے 2، جبکہ جہانگیر بلال اور رضوان اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، اور نیپال کی پوری ٹیم 43.4 اوورز میں 174 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ 

Watch Live Public News